رسائی کے لنکس

امریکی صومالی فوج کا الشباب کے اڈے پر چھاپہ، 15 شدت پسند ہلاک


امریکی اسپیشل فورسز (فائل)
امریکی اسپیشل فورسز (فائل)

صومالیہ کے ایک مقامی اہل کار نے بتایا ہے کہ بدھ کی رات گئے دھیجل کے قصبے کے باہر ہیلی کاپٹر کی مدد سے 60 سے 70 فوجی پہنچائے گئے۔ اہل کار، محمد اویس ابوبکر نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ فوج نے قصبے کے تین یا چار اہداف پر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں شدت پسندوں کو کافی جانی نقصان اٹھانا پڑا

امریکی اور صومالی افواج نے موغادیشو کے مغرب میں واقع الشباب کے اڈے پر حملہ کیا ہے، جو گذشتہ پانچ دِنوں کے دوران اس شدت پسند گروپ کے خلاف کیا جانے والا دوسرا بڑا امریکی حملہ ہے۔

علاقے کے پولیس سربراہ نے ’وائس آف امریکہ‘ کی صومالی سروس کو بتایا کہ اس حملے میں 15 شدت پسند ہلاک جب کہ چھ زخمی ہوئے۔ یہ کارروائی بدھ کے دِن صبح سویرے ادھیجل کے قصبے میں کی گئی۔

زیریں شبیل کے خطے کے پولیس سربراہ، عبدی ابراہیم شمو نے بتایا ہے کہ اِسی قصبے میں الشباب کے سینئر اہل کار ملتے رہے ہیں، جس کا مقصد صومالی حکومت کی افواج اور افریقی یونین کی فوجوں کے خلاف حملوں کے لیے ملیشیاؤں کو منظم کرنا تھا۔

ایک امریکی اہل کار نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ یہ امریکہ اور حکومتِ صومالیہ کی مشترکہ کارروائی تھی، جس میں الشباب کو نشانہ بنایا گیا۔ صومالی دفاعی اہل کاروں نے امریکہ کی مدد کی تصدیق کی ہے۔

صومالیہ کے ایک مقامی اہل کار نے بتایا ہے کہ بدھ کی رات گئے دھیجل کے قصبے کے باہر ہیلی کاپٹر کی مدد سے 60 سے 70 فوجی پہنچائے گئے۔ اہل کار، محمد اویس ابوبکر نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ فوج نے قصبے کے تین یا چار اہداف پر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں شدت پسندوں کو کافی جانی نقصان اٹھانا پڑا۔

الشباب نے کہا ہے کہ چھاپے میں اُن کا ایک لڑاکا ہلاک ہوا۔ القاعدہ سے منسلک گروپ نے کہا ہے کہ اُن کی فوجوں نے سخت مزاحمت کی اور بالآخر فوجوں کو پسپا ہونے پر مجبور کیا۔

ہفتے کے روز، امریکی طیاروں نے موغادیشو کے شمال میں واقع ہران کے خطے میں قائم الشباب کے ایک تربیتی کیمپ پر میزائل داغے۔ پینٹاگان نے بتایا ہے کہ حملے میں تقریباً 150 شدت پسند ہلاک ہوئے، جو صومالیہ میں افریقی یونین اور امریکی فوجی اہل کاروں کے خلاف بڑے پیمانے پر حملوں کی تیاری کر رہے تھے۔

الشباب نے فضائی کارروائی کی تصدیق کی ہے۔ تاہم، اُس کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھا چڑھا کر پیش کی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG