امریکی ائیر فورس جمعرات کے روز ایک نیا سیارہ خلاء میں چھوڑ رہی ہے جس کا مقصد کرئہ ارض کے گرد گردش کرنے والے کئی سو مصنوعی سیاروں اور ایسے خلائی ملبے پر نظر رکھنا ہے جو کہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سمیت امریکی اور اس کے اتحادیوں کی دیگر املاک سے ٹکرا کر انہیں نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
سپیس بیسڈ سپیس سرویلنس سیٹیلائٹ نامی یہ سیارہ امریکہ کی مغربی ریاست کیلی فورنیا میں قائم وین ڈن برگ ائیر فورس بیس سے چھوڑا جائے گا اور یہ اپنے مدار میں پہنچ کر زمین کا چکرکاٹنے والی ہر شہ کی نشاندہی کرے گا۔
اب تک امریکی ائیر فورس زمین پر نصب ریڈار اور دوربینوں کی مدد سے تقریباً ایک ہزار فعال سیاروں اور لگ بھگ 20 ہزار مختلف اقسام کے ٹکڑوں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ لیکن یہ امر قابل ذکر ہے کہ دور بینوں کا استعمال صرف اس وقت کیا جا سکتا ہے جب مطلع صاف ہو جب کہ کئی ریڈار خلاء کی گہرائی میں موجود سیاروں کا پتہ لگانے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔