امریکی سنٹرل کمان کے ترجمان نے بتایا ہے کہ امریکہ نے پہلی بار داعش کے شدت پسند گروپ سے نبرد آزما شامی لڑاکوں کو بکتر بند گاڑیاں فراہم کی ہیں۔
میجر مائیکل مائرز نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا ہے کہ ’گارجین آرمرڈ سکیورٹی وہیکلز‘ شامی عرب کولیشن (ایس اے سی) کے حوالے کی گئی ہیں۔ ’ایس اے سی‘ عرب لڑاکا فورس پر مشتمل کثیر نسلی گروپ ہے۔ لیکن، اس میں کردوں کی اکثریت ہے، جسے ’سیرئن ڈیموکریٹک فورسز‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔
ایک امریکی فوجی ترجمان، کرنل جان ڈوریان نے ٹیلی کانفرنس کے ذریعے بدھ کو بغداد سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’گارجین‘ مکمل طور پر بکتربند گاڑیاں ہیں جن میں لچک کی صلاحیت ہے، اور اس میں ایک ہی وقت 10 فوجیوں کو لے جایا جاسکتا ہے۔ اِن کی دستیابی سے ’ایس اے سی‘ فوجیں ’’دھماکہ خیز آلات اور چھوٹے دہانے والے فائر کا بہتر طور پر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں‘‘۔
ڈوریان کے بقول، ’’سیرئن عرب کولیشن رقہ کو الگ تھلگ کرنے کی کارروائی کے لیے تیار ہے۔ ایسے میں جب وہ شہر میں داخل ہو رہے ہیں، اور سنگین لڑائی کا آغاز ہوگا، اس صلاحیت کی بدولت وہ اپنی جان محفوظ رکھنے کے قابل بن گئے ہیں‘‘۔
کوبانی میں موجود ’وائس آف امریکہ‘ کے ایک نمائندے نے اِن بکتربند گاڑیوں کی اطلاع کی تصدیق کی ہے، جنھیں ’ایم 117ایس‘ بھی کہا جاتا ہے، جن کی رسد منگل کے روز فراہم کی گئی۔ ہر ایک بکتربند گاڑی مشین گن اور گرنیڈ لائنچر سے لیس ہے۔
متعدد امریکی دفاعی اہل کاروں نے بتایا ہے کہ ’’رسد کی فراہمی کئی ماہ سے رُکی ہوئی تھی‘‘، جس کی اجازت اوباما انتظامیہ نے دے رکھی تھی۔ مائیر نے کہا کہ ’’سیرئن عرب کولیشن کو یہ ہتھیار ملنے سے موجودہ پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی‘‘۔
امریکہ ماضی میں بھی ’سیرئن عرب کولیشن‘ کو ہلکے دہانے والے ہتھیار اور خصوصی فورسز پر مشتمل مشیر فراہم کرتا رہا ہے، اور داعش کے شدت پسندوں کے خلاف لڑائی میں فضائی حمایت بھی فراہم کی جاتی رہی ہے۔