رسائی کے لنکس

امریکہ: مبینہ طور پر’داعش‘ کی حامی 19 سالہ خاتون گرفتار


شینن کو ’ایف بی آئی‘ کے ایجنٹس نے اُس وقت گرفتار کیا جب وہ ترکی کے لیے پرواز پر سوار ہونے کے لیے تیاری کر رہی تھیں

عدالت کی دستاویزات سے معلوم ہوا ہے کہ امریکہ کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ’ایف بی آئی‘ نے 19 سالہ خاتون کو اپریل میں اُس وقت گرفتار کیا جب وہ جہاز کے ذریعے شام روانہ ہونے والی تھی۔

بظاہر یہ خاتون دہشت گردوں کی مدد کا ارادہ رکھتی تھی۔

انتظامیہ نے مشتبہ خاتون کو شینن مورین کے نام سے شناخت کیا ہے۔ اُن پر غیر ملکی دہشت گرد گروپوں کی مدد کے لیے ساز باز کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

شینن کو ’ایف بی آئی‘ کے ایجنٹس نے اُس وقت گرفتار کیا جب وہ ترکی کے لیے پرواز پر سوار ہونے کے لیے تیاری کر رہی تھیں، جہاں سے اُنھیں شام جا کر اُس شخص سے ملنا تھا جس سے اُن کا رابطہ انٹرنیٹ کے ذریعے ہوا تھا۔

اطلاعات کے مطابق اُس شخص نے شینن کو بتایا تھا کہ وہ دہشت گرد تنظیم دولت اسلامیہ فی عراق ولشام (داعش) سے تعلق رکھتا ہے جب کہ شینن بھی اس بات پر یقین رکھتی تھیں کہ اسلام کے نا ماننے والوں کے خلاف سخت جہاد کی ضرورت ہے۔

عدالت نے کہا کہ شینن مورین نے کسی نا کسی طرح کی فوجی تربیت حاصل کر رکھی تھی۔

اس سے قبل امریکہ کے وفاقی تفتیش کاروں نے کہا تھا کہ لگ بھگ 15 صومالی نژاد امریکی شہری شام گئے ہیں تاکہ وہ صدر بشار الاسد کی حکومت کے خلاف لڑنے والے جنگجوؤں کے ساتھ شامل ہو سکیں۔

ایف بی آئی کے ایجنٹس کے مطابق منی اپلس۔سینٹ پال میں صومالی برداری بڑی تعداد میں آباد ہے اور وہیں سے گزشتہ چند ماہ کے دوران صومالی نژاد امریکی شہری شام گئے۔

XS
SM
MD
LG