امریکہ کے جنوب مشرقی علاقوں کے مکین تندوتیز طوفانوں کے نئے سلسلے سے کا سامنا کر رہے ہیں اور علاقے کی سات ریاستوں کو شدید موسمی حالات نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ریاست الباما میں جمعے کو دو طوفانی بگولوں کے باعث کئی گھر تباہ اور ان کے مکین زخمی ہوگئے ہیں۔
ایک بگولے نے ریاست میں موجود انتہائی سخت سیکیورٹی والے قید خانے کو بھی متاثر کیا ہے۔ حکام کے مطابق بگولے سے جیل کی چھت اور حفاظتی جالیوں کو اچھا خاصا نقصان پہنچا ہے لیکن جیل میں موجود دو ہزار سے زائد قیدیوں میں سے کوئی بھی فرار نہیں ہوسکا۔
ریاست ٹینیسی کے وسطی علاقوں کو بھی جمعے کو دو تباہ کن بگولوں نے نشانہ بنایا۔ علاقے کے کئی درجن اسکولوں میں تیز برسات، طوفانی ہواؤں ، ژالہ باری اور بگولوں کے خدشے کے پیشِ نظر طلبہ کو قبل از وقت چھٹی دیدی گئی تھی۔
ٹینیسی کے کئی وسطی اور مشرقی علاقوں میں بگولے اٹھنے کی پیش گوئی کی گئی ہے جب کہ حکام نے وسط مغربی ریاست انڈیانا کے لیے بھی اسی نوعیت کی وارننگ جاری کی ہیں۔
دو روز قبل امریکہ کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں بھی شدید طوفان اور بگولوں کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
طاقت ور طوفانی سلسلے نے ریاست الی نوائے، میسوری اور ٹینیسی کو نشانہ بنایا تھا جب کہ طوفان کے زیرِ اثر کینساس اور کینٹکی میں بگولوں نے تباہی مچائی تھی۔