رسائی کے لنکس

سلامتی کونسل: امریکہ نے یروشلم سے متعلق قرارداد ویٹو کر دی


فائل
فائل

امریکہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد ویٹو کردی ہے جس میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیے جانے کے اقدام کو مسترد کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔

باقی 14 ارکان نے کونسل میں مصر کے پیش کردہ مسودہٴ قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔

مسودہ ٴقرارداد میں اقوامِ متحدہ کے تمام رکن ملکوں سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ اپنے سفارت خانے یروشلم منتقل کرنے سے گریز کریں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق قرارداد کے مسودے میں کہا گیا تھا کہ ایسے کسی بھی فیصلے یا اقدام کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہوگی جس کا مقصد یروشلم کے مقدس شہر کی حیثیت تبدیل کرنا ہو اور ایسے تمام فیصلے یا اقدامات اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے خلاف تصور کیے جائیں گے۔

صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا مؤقف ہے کہ یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے اور امریکی سفارت خانے کی وہاں منتقلی کا ان کا فیصلہ "مبنی بر حقیقت" ہے، کیوں کہ، اُن کے بقول، یروشلم نہ صرف تاریخی طور پر یہودیوں کا مرکز رہا ہے، بلکہ اسرائیل کی جدید ریاست کا بھی دارالحکومت ہے۔

تاہم، صدر ٹرمپ کے اس فیصلے کی مسلم ملکوں کے علاوہ امریکہ کے بیشتر اتحادی یورپی ملکوں نے بھی مخالفت کی ہے اور کہا ہے کہ اس کے نتیجے میں مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کی کوششوں کو نقصان پہنچے گا۔

XS
SM
MD
LG