رسائی کے لنکس

وینزویلا سے تجارت کرنے والے ممالک کو امریکہ کا انتباہ


لیما گروپ کا اجلاس پیرو کے دارالحکومت میں ہوا۔
لیما گروپ کا اجلاس پیرو کے دارالحکومت میں ہوا۔

امریکہ نے روس اور چین سمیت دیگر ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ وینزویلا کے صدر نکولس مدورو کی حکومت کے ساتھ تجارتی روابط رکھنے سے گریز کریں۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک روز قبل ہی امریکہ میں موجود وینزویلا کے اثاثے منجمد کر چکے ہیں۔

خیال رہے کہ امریکہ صدر نکولس مدورو کی حکومت کو تسلیم نہیں کرتا جو گزشتہ سال ہونے والے انتخابات کے بعد صدر منتخب ہوئے تھے۔ امریکہ نے ان انتخابات کو دھاندلی زدہ قرار دے دیا تھا۔

امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن ان دنوں جنوبی امریکہ کے ملک پیرو کے دارالحکومت لیما میں ہیں جہاں وہ وینزویلا کے مسئلے کے حل کے لیے طلب کیے گئے 60 ممالک کے اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔

اپنے خطاب میں جان بولٹن نے کہا ہے کہ ہم ایسے ممالک کو تنبیہ کرتے ہیں جو نکولس مدورو کی حکومت کے ساتھ تجارتی روابط رکھنے کے خواہش مند ہیں۔

جان بولٹن کا کہنا تھا کہ "ہم امید کرتے ہیں کہ کوئی بھی ملک وینزویلا کی بدعنوان اور کمزور حکومت کے ساتھ تجارت کے عوض امریکہ کے ساتھ اپنے تجارتی مفادات کو خطرے میں نہیں ڈالے گا۔"

وینزویلا کے صدر نکولس مدورو۔ (فائل فوٹو)
وینزویلا کے صدر نکولس مدورو۔ (فائل فوٹو)

امریکہ وینزویلا کی حزبِ اختلاف کے رہنما ہوان گائیڈو کی حمایت کر رہا ہے۔ امریکہ کی یہ خواہش ہے کہ ہوان گائیڈو عبوری حکومت کے سربراہ بنیں اور ان ہی کی زیر نگرانی نئے انتخابات ہوں۔

حالیہ سیاسی بحران کا آغاز اس وقت ہوا جب وینزویلا کی قومی اسمبلی کے اسپیکر ہوان گائیڈو نے خود کو عبوری صدر نامزد کیا جس کے بعد امریکہ سمیت 50 ممالک نے ان کی حمایت کا بھی فوری اعلان کر دیا تھا۔

وینزویلا کا اتحادی ملک روس متعدد بار خبردار کر چکا ہے کہ وینزویلا کے داخلی معاملات میں مداخلت کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے جب کہ چین اور روس کا شمار وینزویلا سے تیل کی خریداری کرنے والے بڑے ممالک میں ہوتا ہے۔

وینزویلا نے صدر ٹرمپ کی جانب سے عائد کی گئی حالیہ پابندیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے وینزویلا کے عوام کے خلاف معاشی دہشت گردی قرار دیا تھا۔

امریکہ کی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن۔
امریکہ کی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن۔

لیما گروپ کی جانب سے بلائے گئے اجلاس میں امریکہ کے علاوہ کینیڈا اور لاطینی امریکہ کے ایک درجن سے زائد ممالک بھی شامل ہیں جن کی اکثریت اپوزیشن لیڈر گائیڈو کی حمایت کرتی ہے۔

وینزویلا کی حکومت اور اپوزیشن تنازع کے حل کے لیے ناروے کی ثالثی میں مذاکرات بھی کر رہے ہیں۔ مذاکرات کا ایک دور رواں سال مئی میں اوسلو جب کہ تین دور بارباڈوس میں ہوئے تھے۔

وینزویلا نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ امریکہ اپنے مفادات کے حصول میں ناکامی کے پیش نظر ان مذاکرات کی راہ میں حائل ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔ جب کہ امریکہ کی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن کا کہنا ہے کہ نکولس مدورو مذاکراتی عمل میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے۔

وینزویلا میں معاشی بحران جاری

تیل کے وسیع ذخائر رکھنے والا وینزویلا نقد رقم نہ ہونے کے باعث شدید معاشی بحران کا شکار ہے، جہاں خوراک، ادویات اور شہری سہولیات کے فقدان کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق وینزویلا کے 3 کروڑ سے زائد شہریوں کو امداد کی ضرورت ہے، جب کہ بحران کے باعث لگ بھگ 33 لاکھ شہری ملک چھوڑ چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG