رسائی کے لنکس

ویلنٹائنز ڈے: ڈیٹنگ ایپس پر کرونا ویکسین کے چرچے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

دنیا بھر میں کرونا وائرس سے جہاں لوگ اجنبی افراد سے ملنے سے گریز کر رہے ہیں۔ وہیں ڈیٹنگ ایپس میں ایک نیا رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔ لوگ اپنی ڈیٹنگ ایپس کی پروفائل پر 'ویکسی نیٹڈ' لکھ رہے ہیں۔

امریکہ کے ادارے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) کے مطابق 14 دسمبر سے اب تک کرونا ویکسین کی چار کروڑ ساٹھ لاکھ خوراکیں دی جا چکی ہیں۔

سی ڈی سی کے مطابق اب تک امریکہ کی کل آبادی کے 10.5 فی صد افراد کو ویکسین دی گئی ہے۔

اس کا اثر ڈیٹنگ ایپس میں بھی دیکھنے کو مل رہا ہے۔ جہاں ڈیٹنگ ایپس میں عالمی وبا کے دوران لوگ زیادہ سے زیادہ ویڈیو ڈیٹس کے ذریعے رابطے رکھنے میں مصروف ہیں۔ وہیں اب لوگ ایپس میں اپنے ویکسین اسٹیٹس کے بارے میں بھی لکھ رہے ہیں۔

وائس آف امریکہ نے جب مختلف ڈیٹنگ ایپس میں اس امر کو دیکھا تو کچھ ایسی پروفائلز ملیں۔

ڈیٹنگ ایپ 'بمبل' پر ایک ٹریول نرس خاتون نے ان سے ڈیٹ کرنے کے فوائد لکھتے ہوئے لکھا کہ وہ ویکسی نیٹڈ ہیں۔ یعنی ان کو وبا سے محفوظ رہنے کی ویکسین لگ چکی ہے۔

اسی طرح دیگر کئی افراد کی پروفائلز پر ویکسی نیٹڈ لکھا ہوا تھا۔

وائس آف امریکہ اس بات کی تصدیق نہیں کر سکا کہ ایسے افراد واقعی ویکسی نیٹڈ ہیں یا انہوں نے اپنی پروفائل پر ویسے ہی ویکسین لگنے کا لکھا ہے۔

امریکہ میں ابتدائی طور پر طبی عملے کو ویکسین دی گئی ہے جن میں ڈاکٹرز، نرسیں اور دیگر طبی عملہ شامل ہے۔

امریکہ کے اخبار 'نیو یارک ٹائمز' سے بات کرتے ہوئے ڈیٹنگ ایپ 'ٹینڈر' کی ترجمان ڈانا بالچ نے تصدیق کی کہ ستمبر سے دسمبر 2020 کے دوران ان کی ایپ پر لوگوں کی بائیو پر ویکسین کا ذکر 258 فی صد بڑھ چکا ہے۔

ٹینڈر کی ترجمان ڈانا بالچ نے کہا کہ وہ لوگ جنہیں ویکسین مل چکی ہے وہ اپنے اس اسٹیٹس کو متوقع جوڑوں سے گفتگو شروع کرنےکا ذریعہ بنا رہے ہیں۔

اسی طرح 'اوکے کیوپڈ' ایپ کے ترجمان نے 'نیو یارک ٹائمز' سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے اپنے اسٹیٹس میں ویکسی نیٹڈ لکھا ہے انہیں پہلے سے دگنے میچ مل رہے ہیں۔

ان کے مطابق اس وقت ویکسین حاصل کرنا ڈیٹنگ ایپ پر سب سے دلکش خوبی ہے۔

اس سے پہلے ڈیٹنگ ایپس وبا کے دوران صارفین کو ورچوئل ڈیٹنگ کے لیے راغب کرتی رہی ہیں۔

صارفین سوشل میڈیا پر ڈیٹنگ ایپس پر ویکسین سے متعلق اپنے تجربات شیئر کر رہے ہیں۔

صحافی سارا کیلی نے ٹوئٹر پر 'بمبل' پر ہونے والی گفتگو کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ 2021 میں انکار کی بہترین مثال ہے۔

اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص ان سے 'بمبل' پر کہہ رہا ہے کہ آپ مجھے اچھی تو لگی ہیں مگر مجھے اپنی طرح ایک خاتون مل گئی ہیں جنہیں ویکسین لگ چکی ہے۔ سو میں اپنے محفوظ حلقے تک ہی رہنا پسند کروں گا۔

سارا کیلی کی ٹوئٹ کو کئی ہزار لوگوں نے ری ٹوئٹ کیا ہے۔

ایسے ہی امریکی چینل 'سی بی سی' کی وائٹ ہاؤس کے لیے رپورٹر کیتھرین واٹسن نے لکھا کہ وبا کے دوران ڈیٹنگ کرنا ویسے ہی مشکل ہے۔ لیکن اب میں نے پریشان ہونے کے لیے ایک اور چیز دیکھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ مرد جو لکھتے ہیں کہ وہ کبھی ویکسین نہیں لیں گے کیوں کہ انہیں سائنس پر اعتبار نہیں ہے۔ ایسے میں بس فون کھڑکی سے باہر پھینکا جا سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG