رسائی کے لنکس

امریکہ: کرسمس پر نیشول کار دھماکے سے لرز اٹھا، پولیس کے مطابق یہ عمداً کارروائی ہے


دھماکے کے مقام کے قریب سڑک پر ملبے کے ٹکڑے بکھرے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ 25 دسمبر 2020
دھماکے کے مقام کے قریب سڑک پر ملبے کے ٹکڑے بکھرے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ 25 دسمبر 2020

امریکہ کی ریاست ٹینی سی کے شہر نیشول میں کرسمس کی صبح سڑک کنارے پارک کی گئی ایک گاڑی دھماکے سے تباہ ہو گئی۔ پولیس کے مطابق یہ دھماکہ عمداً کیا گیا۔ اس واقعے میں زخمی ہونے والے تین افراد کو اسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے۔ زخمیوں میں کوئی بھی خطرے کی حالت میں نہیں بتایا گیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق پولیس کو صبح چھ بجے کے قریب شہر کے ڈاؤن ٹاؤن سے ایمرجنسی کال موصول ہوئی، جس میں فائرنگ کی اطلاع دی گئی۔

ترجمان کے مطابق پولیس کو بعض وجوہات کے باعث اس گاڑی کے متعلق شکوک پیدا ہو گئے اور آفیسرز نے بم سکواڈ کو بلانے کی کال دی۔

اطلاعات کے مطابق تباہ ہونے والی گاڑی میں سے ایک ریکارڈ شدہ پیغام سنائی دیا گیا جس میں کہا جا رہا تھا کہ یہ گاڑی پندرہ منٹ میں دھماکے سے اڑا دی جائے گی۔

پولیس ترجمان ڈان ایرون کے مطابق بم اسکواڈ کے پہنچنے سے پہلے گاڑی زور دار دھماکے سے تباہ ہو گئی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ہمارا خیال ہے کہ یہ دھماکہ عمداً کیا گیا۔

ترجمان نے دھماکے کو بہت اہم واقعہ قرار دیا اور بتایا کہ پولیس، وفاقی حکام جن میں ایف بی آئی اور بیورو آف الکوحل، ٹوبیکو، فائر آرمز اینڈ ایکسپلوسیوز شامل ہیں کے ساتھ کام کر رہی ہے۔

سابقہ ایف بی آئی ڈائریکٹر اینڈریو مک کابے نے امریکی نشریاتی ادارے 'سی این این' سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے میں ممکن ہے کہ پولیس ایک ہدف ہو۔ جو ایک مشکوک کال پر وہاں پہنچی تو یہ دھماکہ ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس دھماکے کی ہر ممکن تفتیش کی جانی چاہیے اور اسے ممکنہ طور پر مقامی یا بین الاقوامی دہشت گردی کے عمل کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔

دھماکے سے چند لمحے پہلے پولیس نے قریبی عمارتوں کے رہائشیوں کو محفوظ مقام پر چلے جانے اور ایک شخص کو جو اپنے کتے کے ساتھ گاڑی کے قریب سے گزر رہا تھا، اپنی سمت بدلنے کا کہا۔

دھماکے کے مقام پر فائر فائٹرز موجود ہیں۔ 25 دسمبر 2020
دھماکے کے مقام پر فائر فائٹرز موجود ہیں۔ 25 دسمبر 2020

نیشول پولیس ڈپارٹمنٹ کے ترجمان ڈان ایرون کے مطابق تین افراد اس دھماکے میں زخمی ہوئے۔ جنہیں قریبی اسپتال علاج کے لیے لے جایا گیا۔ تینوں افراد کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی کہ دھماکے کے وقت گاڑی میں کوئی فرد موجود تھا یا نہیں۔

جمعے کی دوپہر ایک پریس کانفرنس میں نیشول کے پولیس چیف نے صحافیوں کو بتایا کہ پولیس کو دھماکے کے قریب انسانی گوشت کے 'ٹشو' ملے ہیں۔ اس سے قیاس کیا جا رہا ہے کہ یہ کسی شخص کی باقیات ہو سکتی ہیں۔ جمعے کی دوپہر تک کسی بھی ہلاکت کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

دھماکے کو نو بلاکس کے فاصلے تک محسوس کیا گیا اور دھماکے کے باعث ایک پولیس افسر دور جا گرا اور اسے عارضی طور پر سماعت میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

رہائشیوں کا کہنا ہے کہ دھماکے کی وجہ سے کئی دوسری گاڑیوں میں بھی آگ لگ گئی۔

کرسمس کی وجہ سے اس علاقے میں قریب واقع اکثر عمارتیں بند تھیں۔

دھماکے سے کئی گاڑیوں اور عمارتوں کو نقصان پہنچا اور وہاں سے اٹھنے والے دھوئیں کو کئی میل کے فاصلے سے دیکھا گیا۔

دھماکے سے قریب واقعہ اے ٹی این ٹی کی عمارت کو نقصان پہنچا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس سے ان کی سروسز میں کچھ دیر کے لیے تعطل پیدا ہوا

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے سے 911 ایمرجنسی سروسز بھی کچھ دیر کے لیے معطل ہو گئیں۔

پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ مواصلات کے نظام میں تعطل کے پیچھے کسی کا منصوبہ پوشیدہ تھا یا یہ محض اتفاق تھا۔

مقامی شہری بک میک کوئے نے سی این این سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے سے درخت اکھڑ گئے اور ہر طرف شیشے بکھرے ہوئے تھے۔

پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ انہیں کسی اور دھماکے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

نیشول کے میئر جان کوپر نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ ڈاؤن ٹاؤن کے علاقے سے دور رہیں، جہاں پولیس اور وفاقی ادارے تحقیقات کر رہے ہیں۔

امریکہ کی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی 'ایف بی آئی' کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کی سربراہی کرے گی۔

نیشول کے میئر جان کوپر نے دھماکے سے متصل علاقے میں کرفیو سمیت ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کو دھماکے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ہے۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے کہا کہ صدر اس واقعے پر فوری کارروائی کرنے والے اہلکاروں کے شکرگزار ہیں اور زخمیوں کے لیے دعا گو ہیں۔

امریکہ میں انتقال اقتدار کے حکام کا کہنا ہے کہ نومنتخب صدر جو بائیڈن کو بھی اس واقعے کی اطلاع دے دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نومنتخب صدر اور خاتون اول ڈاکٹر جل بائیڈن نے فوری کارروائی کرنے والے اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا۔ جنہوں نے اس واقعے پر سب سے پہلے کارروائی کی۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت مندی کی خواہش ظاہر کی۔

ٹینے سی کے گورنر بل لی نے ٹوئٹر پر کہا کہ ریاست ذمہ داروں کے تعین کے لیے تمام موجود وسائل استعمال کرے گی۔ انہوں نے لوگوں سے زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی۔

XS
SM
MD
LG