رسائی کے لنکس

معروف امریکی صحافی باب سائمن کار حادثے میں ہلاک


حکام کے مطابق سائمن جس کار میں سفر کر رہے تھے وہ ایک دوسری گاڑی سے ٹکرانے کے بعد سڑک کو تقسیم کرنے والی آہنی رکاوٹوں سے جا ٹکرائی۔

امریکہ کے ایک نیوز چینل 'سی بی ایس' کے معروف ایوارڈ یافتہ نامہ نگار باب سائمن بدھ کی رات نیویارک میں ایک سڑک حادثے میں ہلاک ہو گئے۔

سائمن نے اپنی پچاس سال سے زائد پر محیط پیشہ وارانہ زندگی کے دوران دنیا میں کئی تنازعات والے علاقوں میں صحافتی فرائض ادا کیے۔ ان کی عمر 73 برس تھی۔

حکام کے مطابق سائمن جس کار میں سفر کر رہے تھے وہ ایک دوسری گاڑی سے ٹکرانے کے بعد سڑک کو تقسیم کرنے والی آہنی رکاوٹوں سے جا ٹکرائی۔

سائمن 1967ء میں سی بی ایس نیوز کے ساتھ منسلک ہوئے اور انہوں نے کیمپس مظاہروں اور اندرون شہر ہنگاموں کے متعلق خبریں دینا شروع کیں۔

انہوں نے بطور جنگی نامہ نگار کے اس وقت کام شروع کیا جب وہ ویت نام جنگ کے عروج کے وقت انہیں سیگون بھیجا گیا۔ وہ1975ء میں یہاں سے امریکہ کے انخلا کے وقت اس محصور شہر سے نکلنے والے آخری ہیلی کاپٹر کے ذریعے وطن واپس آئے۔

سائمن نے مشرق وسطیٰ میں سی بی ایس نیوز کے چیف نامہ نگار کے طور پر بیس سال کام کیا۔ انہیں اور ان کے تین ساتھیوں کو جنوری 1991ء میں عراقی فورسز نے خلیج فارس کی جنگ کے دوران حراست میں لے لیا تھا اور وہ 40 دن تک ان کی قید میں رہے۔

انہوں نے شمالی آئر لینڈ، یوگوسلاویہ اور پرتگال میں تنازعات سے متعلق نامہ نگاری کی.

انہوں نے سی بی سی نیوز کے ایک نیوز میگزین پروگرام "60 منٹس" کے لیے با قاعدہ نامہ نگار کے طور پر کام کیا۔ سائمن نے 27 'ایمی ایوارڈز' سمیت کئی صحافتی اعزازات حاصل کیے۔

XS
SM
MD
LG