رسائی کے لنکس

پاکستانی خواتین، فنکاروں، فلموں اور ثقافت کی پرستار ہوں: ودیا بالن


ایک انٹرویو میں انہوں نے پاکستانی موسیقی، فن و ثقافت اور پاکستانی خواتین کی خوبصورتی کو دل کھول کر سراہا۔ پاکستانی خواتین کی خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے ودیا کا کہنا تھا ’میں پاکستانی خواتین کی فین ہوں۔ وہ کچھ بھی پہن لیں، خوبصورت ہی لگتی ہیں پھر چاہے وہ ساڑھی ہو یا کوئی اور پہناوا‘

بالی وڈ اداکارہ ودیا بالن کے دنیا بھر میں لاکھوں پرستار ہیں۔ لیکن، وہ خود پاکستانی خواتین کی پرستار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’پاکستانی خواتین کچھ بھی پہن لیں،خوبصورت ہی لگتی ہیں۔‘

انگریزی روزنامے ’ایکسپریس ٹری بیون‘ کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے پاکستانی موسیقی، فن و ثقافت اور پاکستانی خواتین کی خوبصورتی کو دل کھول کر سراہا۔

پاکستانی خواتین کی خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے ودیا کا کہنا تھا کہ ’میں پاکستانی خواتین کی فین ہوں۔ وہ کچھ بھی پہن لیں، خوبصورت ہی لگتی ہیں پھر چاہے وہ ساڑھی ہو یا کوئی اور پہناوا۔‘

ودیاسال 2006ءمیں پاکستان آئیں تھیں۔ لیکن اپنی فلمی مصروفیات کے باعث ابھی تک ان کا دوبارہ پاکستان آنا نہیں ہوا۔ تاہم، وہ بڑے چاوٴ سے اپنے دورہ پاکستان سے جڑی خوبصورت یادوں کو تازہ کرتے ہوئے کہتی ہیں:

’پاکستان میں بہت پیارملا۔ وہاں میں نے صابری برادران کی قوالیوں سے بھی خوب لطف اٹھایا تھا۔ کچھ سال پہلے عابدہ پروین سے بھی میری ملاقات ہوئی تھی۔ ان کی آواز بہت پُراثر ہے۔‘

ودیا مزید کہتی ہیں: ’پاکستانی میوزک اور گلوکاروں کو بھارت میں بہت پسند کیا جاتا ہے۔ خوبصورت میوزک اور سریلی آوازیں پاکستان کی پہچان ہیں۔بالی وڈ کی کئی فلموں کی کامیابی میں پاکستانی گلوکاروں کا بڑا اہم کردار رہا ہے۔ مجھے راحت فتح علی خان پسند ہیں۔ ’کوک اسٹوڈیوز‘ کے کئی ایپی سوڈز کا بھی مزہ اٹھا چکی ہوں۔ گلوکار عاریب اظہر کا گانا ’نہ ریندی اے‘ میرا فیورٹ گانا ہے۔‘

ودیا بالن بتاتی ہیں کہ ’ہمارے گھر میں نہ ہندی بولی جاتی ہے اور نہ ہی اردو۔لیکن میں عمر شریف کا اسٹیج ڈرامہ ’بکرا قسطوں پر‘ اپنے بچپن سے دیکھتی دیکھتی بڑی ہوئی ہوں۔ ہمارا پورا گھراس ڈرامے کو بھرپورانجوائے کرتا تھا۔‘

ودیا نے کہا کہ وہ پاکستانی فلموں میں بخوشی کام کریں گی بشرطیکہ اسکرپٹ جاندار ہو۔ ودیا کے بقول ۔۔ ’پاکستانی آرٹسٹوں کی اداکاری شاندار ہوتی ہے۔ پاکستانی فلم ’بول‘ بہت زبردست تھی۔ بطور اداکارہ میرے لئے فلم میں والدین کا کردار ادا کرنے والے منظر صہبائی اور زیب رحمٰن کی اداکاری انتہائی متاثرکن تھی۔‘

فلم ’پری نیتا‘ سے لے کر ’ڈرٹی پکچرز‘ تک انتہائی مختلف موضوعات پر بنی فلموں میں مشکل کردارمیں بآسانی حقیقت کا رنگ بھرنے والی ودیا بالن کی نئی فلم ’ہماری ادھوری کہانی‘ پاکستان سینما گھروں میں آج یعنی جمعہ12جون کوریلیز ہوگئی ہے۔اس فلم میں ودیا کے ہیرو عمران ہاشمی ہیں۔ امید ہے کہ پچھلی فلموں کی طرح ان کی یہ فلم بھی ہٹ اور سپر ہٹ ثابت ہوگی۔

XS
SM
MD
LG