رسائی کے لنکس

پاکستان: مختلف واقعات میں چار پولیس اہلکاروں سمیت آٹھ ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

دریں اثناء پاکستان کی سرحد کے قریب افغان علاقے سے چار افراد کی لاشیں ملی ہیں جنہیں گزشتہ ہفتے ہی اغوا کیا گیا تھا۔

پاکستان کے مختلف علاقوں میں بدھ کو فائرنگ کے واقعات میں چار پولیس اہلکاروں سمیت کم ازکم آٹھ افراد ہوگئے۔

اقتصادی مرکز اور ساحلی شہر کراچی میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے چار پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا۔

حکام کے مطابق یہ واقعہ کورنگی کے علاقے زمان ٹاؤن میں پیش آیا اور مرنے والوں میں ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر عقیل اور دیگر تین اہلکار شامل ہیں۔

مقامی ذرائع ابلاغ نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ یہ اہلکار سڑک کنارے ایک ریسٹورنٹ میں کھانا کھا رہے موٹرسائیکل پر سوار نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔

حملے سے چاروں اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

کراچی میں ایک عرصے سے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر ہلاکت خیز حملے ہوتے رہے ہیں جن میں کئی ایک اعلیٰ افسران کو بھی نشانہ بنایا جا چکا ہے۔

ادھر جنوب مغربی صوبہ بلوچستان کے علاقے قلات میں ایک قبائلی رہنما سمیت کم از کم چار افراد نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے جان کی بازی ہار گئے۔

مقامی ذرائع کے مطابق قبائلی رہنما علی محمد حسنی بدھ کو قلات سے خاران جا رہے تھے کہ جوڑی کراس نامی علاقے میں ان کے قافلے پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی۔

مرنے والوں میں علی حسنی، ان کا ایک بیٹا اور دو دیگر ساتھی شامل ہیں۔

قبائلی معاشرت والے صوبے بلوچستان میں مختلف قبائل کی آپسی رنجشیں بھی بسا اوقات خونریز واقعات کا سبب بنتی ہیں لیکن اس تازہ واقعے کے محرکات کے بارے میں تاحال کچھ نہیں ہو سکا ہے۔

دریں اثناء پاکستان کی سرحد کے قریب افغان علاقے سے چار افراد کی لاشیں ملی ہیں جنہیں گزشتہ ہفتے ہی اغوا کیا گیا تھا۔

مشرقی صوبہ غزنی کے حکام نے بدھ کو بتایا کہ پاکستانی سرحد کے قریب واقع ضلع ناور سے یہ لاشیں ملیں۔ ان افراد کو گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا اور ان میں سے تین کا تعلق ہزارہ قبیلہ سے تھا جب کہ ایک پشتون قبیلے سے تعلق رکھتا تھا۔

حکام کے بقول منگل کو ہی ہزارہ قبیلے کے مزید آٹھ افراد اغوا کر لیے گئے تھے جن کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG