رسائی کے لنکس

برطانوی خلائی کمپنی 'سپر سانک' کمرشل طیارہ بھی بنائے گی


کمپنی نے مجوزہ جہاز کی تصویر بھی جاری کی ہے۔
کمپنی نے مجوزہ جہاز کی تصویر بھی جاری کی ہے۔

خلائی جہاز بنانے والی برطانوی کمپنی 'ورجن گلیکٹک' نے اعلان کیا ہے کہ وہ رولز رائس کمپنی کے ساتھ مل کر ایسے مسافر بردار کمرشل جہاز بنانے پر کام کر رہی ہے جن کی رفتار آواز کی رفتار سے تین گنا زیادہ ہو گی۔

کمپنی کے مطابق ان کے جہاز نو سے 19 افراد کو لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہوں گے لیکن اس منصوبے کے لیے وہ ایوی ایشن ماہرین کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

کمپنی نے نئے جہاز کے ڈیزائن کی تصاویر جاری کی ہیں۔ نئے جہاز کی ساخت ماضی میں سپرسانک جہاز 'کانکورڈ' سے ملتی جلتی ہے۔ ان جہازوں پر بھی انجن ساز کمپنی رولز رائس پہلے کام کر چکی ہے اور یہ جہاز 2003 تک کمرشل پروازوں کے لیے استعمال ہوتے رہے ہیں۔

ورجن گلیکٹک کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس جہاز کی تیاری ‘مشن کانسیپٹ ریویو’ کے تحت شروع کی ہے۔

‘مشن کانسیپٹ ریویو’ ایک ایسے مسافر بردار طیارے کا خیال ہے جس کی رفتار 3700 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور وہ 18 ہزار میٹر یعنی 60 ہزار فٹ کی بلندی پر سفر کر سکتا ہے۔

رواں برس کے اوائل میں 'ورجن گلیکٹک' نے امریکی خلائی ایجنسی ناسا کے ساتھ ایک معاہدے پر بھی دستخط کیے ہیں۔

اس معاہدے میں زمین کے مدار پر مسافر بردار فلائٹس پر کام کرنا ہے جو بین الاقوامی خلائی سٹیشن تک سفر کریں گی۔ زمین کے مدار پر نچلی سطح کی فلائٹس چلانے کے لیے تیز رفتار ٹیکنالوجی پر کام بھی اس معاہدے میں شامل ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ طیاروں کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کے علاوہ بھی دیرپا ایندھن پر کام کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG