رسائی کے لنکس

وائس آف امریکہ کی ہاؤسا سروس کے 15 ملازمین کی برطرفی کا فیصلہ


وائس آف امریکہ نے ’ہاؤسا سروس‘ میں کام کرنے والے 15 کارکنان کی برطرفی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اُن پر الزام تھا کہ اُنہوں نے ملازمت کے دوران ناجائز رقوم وصول کی تھیں اور یوں وہ دوران ملازمت غیر مناسب رویے کے مرتکب پائے گئے تھے۔

’وائس آف امریکہ‘ کی ڈائریکٹر امینڈا بینٹ نے آج جمعرات کے روز ایک ای میل میں بتایا کہ وی او اے کی قیادت کو حالیہ مہینوں کے دوران ان بے قاعدگیوں سے متعلق الزامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا تھا اور اس سلسلے میں باقاعدہ تحقیقات کی گئیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ امریکہ میں رازداری کے قانون کے تحت وہ مخصوص تفصیلات ظاہر کرنے سے قاصر ہیں۔ تاہم، تحقیقات کے نتائج کے حوالے سے ان 15 ملازمین کو یا تو ملازمت سے سبکدوش کر دیا ہے یا پھر اُنہیں فارغ کرنے کی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

’وائس آف امریکہ‘ کی ہاؤسا سروس نائجیریا اور نائجر کیلئے نشریات پیش کرتی ہے اور اس خطے میں رونما ہونے والے واقعات کی رپورٹنگ کرتی ہے۔

ڈائریکٹر امینڈا بینٹ نے کہا کہ یہ غیر مناسب ادائیگیاں سروس کی کوریج کے علاقے سے کی گئی تھیں۔

اس سلسلے میں ایک اور تحقیقاتی عمل میں یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آیا ان غیر مناسب ادائیگیوں کے حوالے سے کسی بھی اعتبار سے وائس آف امریکہ کی کوریج متاثر ہوئی تھی یا نہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ اگر تحقیقات سے ثابت ہوا کہ وائس آف امریکہ کی کوریج متاثر ہوئی ہے تو اس بارے میں فوری اور شفاف طریقے سے کارروائی کی جائے گی۔

امینڈا بینٹ نے واضح کیا کہ اگر وائس آف امریکہ کے کسی بھی دیگر شعبے میں ایسی صورت حال پائی گئی تو اُس کی بھی مکمل چھان بین کر کے فوری کارروائی کی جائے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ تحقیقات اور اُس کے نتیجے میں مذکورہ ملازمین کی برطرفی کے حوالے سے وی او اے کے افریقہ ڈویژن نے مکمل طور پر تعاون کیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ افریقہ ڈویژن کی قیادت تمام وی او اے کی قیادت کی طرح اخلاقی اقدار کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کیلئے پر عزم ہے اور اس سلسلے میں کوئی بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی۔

امینڈا بینٹ نے مزید کہا کہ وائس آف امریکہ کیلئے اپنے سامعین و ناظرین کا اعتماد بہت اہمیت رکھتا ہے اور اس اعتماد کو قائم رکھنے کیلئے وائس آف امریکہ کیلئے صحافتی، پیشہ ورانہ، قانونی اور اخلاقی اقدار کا اعلیٰ ترین معیار برقرار رکھنا انتہائی لازمی ہے۔

XS
SM
MD
LG