رسائی کے لنکس

’واہگہ حملہ، ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے‘


محکمہٴخارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ انسداد دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان امریکہ کا ایک اہم پارٹنر ہے، جس ضمن میں امریکہ، پاکستان ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں

اتوار کے روز واہگہ سرحد پر ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے، امریکی محکمہٴخارجہ نے کہا ہے کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ حملے میں ملوث تمام عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

یہ بات محکمہٴخارجہ کی خاتون ترجمان، جین ساکی نے پیر کے دِٕن پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہی۔

محکمہٴخارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ انسداد دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان امریکہ کا ایک اہم پارٹنر ہے، جس ضمن میں امریکہ، پاکستان ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔

جین ساکی نے واہگہ بم حملے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت اور دلی اظہار ہمدردی اور زخمیوں کی جلداز جلد صحتیابی کی خواہش کا اظہار کیا۔

ایک اور سوال کے جواب میں، خاتون ترجمان نے کہا کہ واہگہ دہشت گردی میں ملوث افراد یا گروہ کے بارے میں اس مرحلے پر حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

ترجمان نے کہا کہ اس سے قبل، امریکی سفارت خانے کی طرف سے اسلام آباد میں جاری کردہ بیان میں سفیر رچرڈ اولسن نے امریکی عوام کی طرف سے ہلاک والے افراد کے اہل خانہ، حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

سفیر نے حملے میں ملوث تمام عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی مکمل حمایت کا اعلان کیا؛ اور کہا کہ اس سلسلے میں تحقیقات کے لیے، امریکہ مناسب معاونت کے لیے تیار ہے۔ بیان میں کہا گیا تھا کہ امریکہ انسداد دہشت گردی کی کوششوں، قانون کی پاسداری اور امن کے لیے پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

XS
SM
MD
LG