امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں ہائی وے پر بنے پیدل چلنے والوں کے پل کے گرنے کے غیرمعمولی واقعے کے بعد راتوں رات راستہ صاف کر کے ٹریفک کو بحال کردیا گیا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ڈی سی کے شمال میں یہ واقعہ بدھ کی دوپہر ایک ٹرک کے پل سے ٹکرانے سے پیش آیا جس کے نتیجے میں پل بری طرح ہل کر اکھڑ گیا۔ اس حادثے میں پانچ افراد زخمی ہوئے جن کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
شہر کی میئر میریل باوزر نے واقع کے فوری بعد کہا تھا کہ پل کی ساخت کے متعلق حالیہ دنوں میں کسی تشویش کا اظہار نہیں کیا گیا تھا۔ البتہ میڈیا رپورٹس
کے مطابق ڈپٹی میئر نے بعد ازاں وضاحت کی کہ گزشتہ ماہ ایک معائنہ رپورٹ میں اس پل کی حالت کو غیر تسلی بخش قرار دیا گیا تھا۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ٹرک کے علاوہ بھی اس حادثے میں کئی دوسری گاڑیاں شامل تھیں۔
روزنامہ دی واشنگٹن پوسٹ نے آگ بجھانے والے محکمے کے حوالہ سے ایک رپورٹ میں کہا کہ مصروف بین الریاستی شاہراہ 295پر پیش آنے والے اس حادثے میں مزید شہریوں کا شدید زخمی ہونے سے بچ جانا کسی معجزے سے کم نہیں۔
زخمی ہونے والے پانچوں افراد گاڑیوں میں سوار تھے۔ شاہراہ 295 کو اینا کوسٹیا فری وے بھی کہا جاتا ہے اور گرنے والا پل شہر کے کینل ورتھ ایوینیو اور پوک سٹریٹ پر واقع تھا۔
ڈی سی شہر کا میٹروپولیٹن محکمہ پولیس اس حادثے کی تفتیش کر رہا ہے۔