رسائی کے لنکس

ورلڈ کپ 2019 کا نیا عالمی چیمپئن کون بنے گا؟


ورلڈ کپ کرکٹ 2019 کا فائنل اتوار کو لارڈز میں کھیلا جائے گا، جس میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ مد مقابل ہوں گے۔

دونوں ٹیمیں پہلے عالمی کپ سے اب تک ایک مرتبہ بھی فائنل نہیں جیت سکی ہیں۔ البتہ، انگلینڈ اب تین بار اور نیوزی لینڈ صرف ایک مرتبہ فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر چکا ہے۔ اس لیے اس بار جو ملک بھی فائنل جیتے گا وہ نیا عالمی چیمپئن بن کر سامنے آئے گا۔

سن 1975 کے پہلے عالمی کپ سے 2015 تک ہر چار سال بعد ہونے والے 11 ورلڈ کپ تک پہلے دو ورلڈ کپ ویسٹ انڈیز نے جیتے، جبکہ 1983 اور 2011 کے مقابلے بھارت نے جیتے۔

سن 1992 میں پاکستان عالمی چیمپئن بنا۔ آسٹریلیا سب سے زیادہ یعنی 5 مرتبہ کا فاتح ہے۔ سری لنکا نے عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز 1996 میں حاصل کیا۔

انگلینڈ اور نیوزی لینڈ نے اب تک ایک بھی ورلڈ کپ نہیں جیتا۔ انگلینڈ 27 سال بعد ورلڈ کپ فائنل کھیلے گا۔

ان ریکارڈز کو مد نظر رکھ کر کرکٹ حلقوں میں توقع کی جا رہی ہے کہ دونوں ٹیمیں پورا زور لگا کر نیا عالمی چیمپئن بننا چاہیں گی اور سر دھڑ کی بازی لگا دیں گی۔

نیوزی لینڈ بیٹنگ کے حوالے سے کین ولیم سن، کولن ڈی گرینڈ ہوم، راس ٹیلر، اوئن مورگن ،ٹام لیتھم، ہینری اور جیمس نیشام پر انحصار کرے گا جبکہ بالرز میں اسے ٹرینٹ بولٹ، میٹ ہنری اور لوکی فرگوسن کی مدد حاصل رہے گی۔

انگلینڈ کی مضبوط بیٹنگ لائن میں جیسن رائے ،جونی بیئرسٹو، جوئے روٹ، جاس بٹلر، بین اسٹوکس، کرس ووکس، لیام پلنکیٹ اور اوئن مورگن کے نام شامل ہیں جبکہ بالنگ میں وہ مارک ووڈ، جوفرا آرچر اور بین اسٹوکس پر انحصار کرے گا۔

XS
SM
MD
LG