رسائی کے لنکس

داعش رہنما کی اہلیہ پر امریکی خاتون کی ہلاکت کا الزام


کیلا میولر
کیلا میولر

وفاقی استغاثہ نے پیر کو کہا کہ نسرین بہار جسے ام سیاف کے نام سے بھی جانا جاتا ہے "کو اس بات کا علم تھا کہ جب (یرغمالی کیلا میولر کو) ابو سیاف کے گھر پر اس کی مرضی کے خلاف حراست میں رکھا گیا تھا تو بغدادی نے اس کے ساتھ کیسا سلوک روا رکھا تھا۔‘‘

امریکہ کے محکمہ انصاف نے داعش کے ایک رہنما کی اہلیہ پر گزشتہ سال ایک امریکی امدادی کارکن کیلا میولر کی ہلاکت میں مبینہ کردار ادا کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

نسرین اسد ابراہیم بہار اور ان کے شوہر ابو سیاف پر کیلا میولر اور دوسری خواتین کو اپنے گھر پر حراست میں رکھنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

امریکی عہدیداروں کا الزام ہے کہ کیلا کو حراست کے دوران داعش کے سربراہ ابو بکر بغدادی کی طرف سے بار بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

کیلا کو فروری 2015 میں ہلاک کر دیا گیا تھا۔

وفاقی استغاثہ نے پیر کو کہا کہ بہار جسے ام سیاف کے نام سے بھی جانا جاتا ہے "کو اس بات کا علم تھا کہ جب (کیلا میولر کو) ابو سیاف کے گھر پر اس کی مرضی کے خلاف حراست میں رکھا گیا تھا تو بغدادی نے اس کے ساتھ کیسا سلوک روا رکھا تھا۔‘‘

ام سیاف نے گزشتہ موسم گرما میں مبینہ طور پر ایف بی آئی کے اہلکاروں کے سامنے یہ تسلیم کیا تھا کہ اپنے شوہر کی غیر موجودگی میں کیلا اور دوسرے یرغمالیوں کی نگرانی اس کی ذمہ داری تھی۔ اس نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ان مواقع پر وہ اپنے گھر پر بغدادی کی میزبانی بھی کرتی رہیں۔

امریکی محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ وہ "دہشت گردی کا نشانہ بننے والے تمام امریکی شہریوں اور کیلا (میولر) کو انصاف دلانے کی کوشش جاری رکھے گا۔"

اگر ام سیاف مجرم ثابت ہوئی تو اسے زیادہ سے زیادہ عمر قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG