رسائی کے لنکس

وِکی لیکس مزید خفیہ دستاویزات شائع کرے گا


وِکی لیکس کے بانی کا کہنا ہے کہ اُن کی تنظیم افغانستان جنگ کے بارے میں خفیہ فوجی دستاویزات کی دوسری قسط نہ چھاپنے کے امریکی حکومت کے مطالبوں کو نظر انداز کردے گی۔

ہفتے کے روز سویڈن میں ایک اخباری کانفرنس میں وِکی لیکس کے بانی جولیان آسنگے نے کہا کہ آئندہ چند ہفتوں میں 15000دستاویزات چھاپ دی جائیں گی۔

جمعے کے دِن امریکی وزیرِ دفاع نے کہا کہ دستاویزات کی دوسری قسط وِکی لیکس کی طرف سے جاری ہونے والے دستاویز کےپہلے سیٹ کے مقابلے میں زیادہ نقصان دہ ہوسکتی ہے۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان رابرٹ گِبز نے جمعے کو کہا کہ سارا مواد ہی پریشان کُن ہے۔

وِکی لیکس نے پہلے ہی 70000سے زائد دستاویزات چھاپی ہیں۔

پینٹگان نے وِکی لیکس کو بتایا کہ اُن کے اِس عمل کے باعث امریکی فوجیوں اور افغان شہریوں کی زندگیاں داؤ پر لگ سکتی ہیں اور ہو سکتا ہے کہ طالبان کے خلاف ہونے والی فوجی کارروائیاں متاثر ہوں۔

لیکن وِکی لیکس نے پینٹگان کےدستاویزات واپس کرنے اور فائل میں موجود خفیہ اطلاعات کو حذف کرنے سے متعلق مطالبوں کی تعمیل کرنے سے انکار کیا ہے۔

فوجی عہدے داروں کو شبہ ہے کہ یہ دستاویزات کسی امریکی فوجی نے وِکی لیکس کو دیے ہوں گے۔
‘رپورٹرز وِدآؤٹ بارڈرز’ نے سائٹ پر دستاویزات چھاپنے میں ‘ناقابلِ یقین غیر ذمے داری’ برتنے کا الزام لگایا ہے۔

XS
SM
MD
LG