رسائی کے لنکس

صبا قمر 'ہندی میڈیم' سے آؤٹ، کرینہ کپور اِن


عرفان خان صحت مند ہوکر ایک مرتبہ پھر بالی ووڈ انڈسٹری میں لوٹ آئے ہیں۔ ان کی واپسی کے ساتھ ہی یہ بات بھی تقریباً یقینی ہوگئی ہے کہ 2017ء میں ریلیز ہونے والی ان کی سپر ہٹ فلم 'ہندی میڈیم' کا سیکوئل اب ممکن ہوگا۔

فلم کے سیکوئل کی تصدیق خود اس کے پروڈیوسر دنیش ویجان نے کی ہے۔

بھارتی میڈیا میں خبریں گردش میں ہیں کہ 'ہندی میڈیم' سے بالی ووڈ فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے والی پاکستانی اداکارہ صبا قمر سیکوئل کا حصہ نہیں ہوں گی بلکہ اب ان کا رول کرینہ کپور ادا کریں گی۔

اگرچہ کرینہ نے فلم ابھی تک سائن نہیں کی ہے لیکن خبریں گرم ہیں کہ فلم سازوں نے کرینہ کپور کو یہ رول آفر کردیا ہے۔ لیکن کرینہ اس پراجیکٹ کو کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کرسکی ہیں۔

اگر واقعی کرینہ کپور نے فلم سائن کرلی تو یہ عرفان خان کے ساتھ ان کی پہلی فلم ہوگی۔

فلم کی کہانی ایک ایسے میاں بیوی کے گرد گھومتی ہے جو اپنی بیٹی کا داخلہ شہر کے ایک مشہور انگلش میڈیم اسکول میں کرانا چاہتے ہیں لیکن داخلہ خود ان کے لیے ایک کڑا امتحان ثابت ہوتا ہے۔

اپنی بچی کے بڑے اسکول میں داخلے کے لیے انہیں کیا کچھ کرنا پڑتا ہے اور کس حد تک ناکوں چنے چبانے پڑتے ہیں یہی، اس فلم کا ٹریٹمنٹ ہے۔

ہندی میڈیم سال 2017 کی کامیاب فلموں میں سے ایک تھی جس نے بہت اچھا بزنس کیا تھا۔

عرفان خان کو اس فلم پر بہترین اداکار کا ایوارڈ بھی ملا تھا۔ فلم اپریل 2018ء میں چین میں بھی ریلیز کی گئی تھی جہاں اس نے پہلے ہی دن 67ء3 ملین ڈالر کا بزنس کیا تھا۔

'ہندی میڈیم' کو سال کی دوسری بڑی فلم قرار دیا گیا تھا اور اس کا مقابلہ عامر خان کی فلم 'سپر اسٹار سے کیا جا رہا تھا۔

فلم کے ذریعے عرفان خان اور صبا قمر فلم بینوں پر اچھا تاثر چھوڑنے میں کامیاب رہے تھے۔ لیکن آنے والا وقت ہی اس بات کا فیصلہ کرے گا کہ کیا کرینہ کپور اس رول کو اسی حد تک کامیاب بناسکیں گی جس طرح صبا قمر نے بنایا تھا یا نہیں۔

XS
SM
MD
LG