رسائی کے لنکس

بہار کا انتظار، شمالی امریکہ نے پھر برف کی چادر اوڑھ لی


ورجینیا، واشنگٹن ڈی سی اور میری لینڈ میں برف باری کے بعد، سرد طوفانی موسم کا یہ سلسلہ نیو یارک میٹروپولٹن ایریا کی طرف بڑھا، جہاں چھ انچ (15سینٹی میٹر) تک برف پڑی۔ وہاں پہلے ہی اتنی برف پڑ چکی ہے کہ یہ تحفہ کسی خوش گوار تاثر کا باعث نہ بن سکا

امریکہ کا شمال مشرقی علاقہ بہار کا منتظر ہے۔ لیکن، جمعے کے دِن کے لیے وہی پرانی پیش گوئی تھی، جو کافی دِنوں سے چلی آرہی ہے، یعنی: خطے میں کم از کم آدھا فٹ برف باری، جس کے نتیجے میں، کافی مقامات پر پروازیں منسوخ ہوئیں اور اسکولوں میں چھٹی دی گئی۔

نیشنل ویدر سروس کے ماہر موسمیات، فرینک پریرا نے بتایا ہے کہ واشنگٹن میں برف باری کے بعد، سرد طوفانی موسم کا یہ سلسلہ نیو یارک میٹروپولٹن ایریا کی طرف بڑھا، جہاں چھ انچ (15سینٹی میٹر) تک برف پڑی۔ وہاں پہلے ہی اتنی برف پڑ چکی ہے کہ یہ تحفہ کسی خوش گوار تاثر کا باعث نہ بن سکا۔

پیش گوئی کی گئی ہے کہ جمعے کی شام موسم خراب تر ہوجائے گا، اور یوں، شام گئے سفر کرنے والوں کو دقت کا سامنا ہوگا؛ جب کہ اب تک بہار کا سا سماں بندھ جانا چاہیئے تھا۔ لیکن، ایسا نہیں ہوا۔

پریرا کے الفاظ میں، 'مجھے پورا ادراک ہے کہ موسم بدلنے میں تاخیر ہوتی جارہی ہے۔ مجھے معلوم ہے کہ لوگ اب بہار کا بے چینی سے انتظار اور اس کی تیاریاں کر رہے ہیں'۔

موسم سرما سے خوفزدہ، بوسٹن والے شاید زیادہ ستائے ہوئے ہیں۔ اگلے ہفتے بھی بوسٹن کے علاقے میں ایک انچ برف پڑے گی، جب کہ پہلے ہی سردیوں کے موسم کے دوران اب تک 108.6 انچ ( 275 سے زائد سینٹی میٹر) برف پڑ چکی ہے۔

شدید موسم سرما کے باعث، برف کو ہٹانا مشکل ترین کام بن چکا ہے، جب کہ شمال مشرق کے قصبہ جات اور شہروں کو محفوظ بنانے کے لیے مختص رقوم کم پڑ چکی ہیں۔

کیتھرین گارشیا، نیو یارک سٹی میں صفائی کے کام کی سربراہ ہیں۔ اُنھوں نے 'ڈبلیو سی بی ایس' ریڈیو کو بتایا کہ ہمارے بجٹ ختم ہو چکے ہیں۔ اُنھوں نے یہ بات ایسے وقت کہی ہے جب برف باری کے نئے دور کی پیش گوئی کے بعد سڑکوں اور گلیوں کی صفائی اور نمک گرانے کی ضرورت ہے۔

طوفان پہلے ہی نیو یارک کا رُخ کر چکا ہے؛ جس سے قبل راستے میں برف باری اور طوفان میری لینڈ کے کیسکیڈ کے قصبے میں جمعے کو چار انچ برف کی چادر بچھا چکا ہے۔

دھند کے باعث، سفر کی تکالیف سے بچنے کے لیے، میری لینڈ اور ورجینیا کے اسکولوں کو فوری چھٹی دی گئی، جو یا تو کچھ دیر کے لیے کھلے یا پھر دن بھر بند رہے۔

یہاں سے ہوتا ہوا، موسم کا یہ سلسلہ شمال کی سمت آگے بڑھا، اور یوں نیو جرسی، کنیٹی کٹ اور نیو یارک کے اسکولوں میں کلاسز کی قبل از وقت چھٹی کا اعلان ہو چکا تھا۔

جمعے کو تقریباً 1000 امریکی پروازیں منسوخ ہوئیں، اور نیویارک، فلاڈیلفیا اور واشنگٹن ڈی سی کے ہوائی اڈے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔

XS
SM
MD
LG