رسائی کے لنکس

واشنگٹن سے بوسٹن تک کا مشرقی علاقہ برف باری کی لپیٹ میں


واشنگٹن سے بوسٹن تک کے امریکہ کے وسیع مشرقی علاقے پر ہفتے کی رات شدید برف باری ہوئی، جس میں نیو یارک سٹی کا جنوبی علاقہ بھی شامل ہے، جہاں طوفانی برسات ہوئی اور سلیٹ گرتی رہی۔

ذرائع کے مطابق، شاہراہ انٹرسٹیٹ 95 پر برف کے ڈھیر لگ گئے، جس کے باعث ٹریفک متاثر ہوئی۔

واشنگٹن میٹرو ایریا میں برف باری صبح تک جاری رہی، جب کہ دوپہر سے قبل ہلکی لیکن لگاتار موسلا دھار بارش کے نتیجے میں کافی حد تک برف پگھل چکی ہے۔ تاہم، سردی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، جب کہ تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

نیو یارک، میسا چیوسٹس اور شمالی کنیٹی کٹ، جس میں بوسٹن کا شہری اور مغرب اور شمال مغرب کا وسیع علاقہ شامل ہے، جمعے سے الرٹ جاری تھا۔

موسمیاتی مرکز کے مطابق، برف باری کا یہ سلسلہ اتوار کی شام تک جاری رہے گا۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق شمالی رہوڈ آئی لینڈ سے میساچیوسٹس کے شمال مشرقی علاقوں میں دو سے چار انچ تک برف پڑ چکی ہے۔

نبراسکا کے وسطی علاقے سے آئیوا اور میسوری تک کا خطہ یخ بستہ لہر کی زد میں ہے، جہاں جمعے کی رات تک 7 سے 10 انچ تک برف پڑ چکی ہے۔

ہفتے کی علی الصبح وسطی بحر اوقیانوس کے علاقوں میں شدید برف باری ہوئی اور سلیٹ پڑی، جب کہ تیز آندھی کے نتیجے میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ علاقے کی سڑکوں پر سفر کی صورت حال مشکل تر ہو چکی ہے۔

شکاگو میں ہوابازی کے وفاقی ادارے نے جمعے کی رات اوہیئر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پروازوں کے اترنے اور اڑان بھرنے پر عائد پابندی ہٹا لی تھی۔ لیکن، اس پہلے ملک کے اس مصروف ترین ایئرپورٹ پر سینکڑوں فلائٹس منسوخ کی جا چکی تھیں۔

جمعے کی شام 9 بجے شکاکو کے محکمہ ہوابازی نے رپورٹ دی تھی کہ اوہیئر ایئرپورٹ پر تقریباً 690 پروازیں بند رہیں۔ شہر کے دوسرے بین الاقوامی ہوائی اڈے، مڈوے پر 169 پروازیں منسوخ کی گئیں۔

برفافی صورت حال کے نتیجے میں کینساس سٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جمعے کی صبح اڑان بھرتے ہوئے، ایک طیارہ رن وے پر پھسل گیا۔ خوش قسمتی سے کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا۔

جمعے کی شام تک، کینساس سٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تقریباً 90 فلائٹس منسوخ رہیں، جس کے بعد موسم کی صورت حال مزید بگڑ گئی۔

XS
SM
MD
LG