رسائی کے لنکس

ونڈر وومن 1984: گیارہ کروڑ 80 لاکھ ڈالرز کما کر باکس آفس پر سرِفہرست


کرونا وائرس کی عالمی وبا سے متاثرہ سنیما اور فلم انڈسٹری کے باوجود ہالی وڈ فلم 'ونڈر وومن 1984' عالمی باکس آفس پر 11 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی ہے۔

خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کے مطابق فلم نے مقامی باکس آفس پر سالِ نو کی چھٹیوں میں 55 لاکھ ڈالرز کمائے جسے کرونا کی عالمی وبا سے متاثرہ فلم انڈسٹری کے لیے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔

'ونڈر وومن 1984' کو وارنر میڈیا اسٹریمنگ سروس کا بزنس بڑھانے اور کرونا وبا کے پیشِ نظر حفاظتی اقدام کے طور پر 'ایچ بی او میکس' پر ریلیز کیا گیا تھا۔

'ونڈر وومن 1984' کے علاوہ اینی میٹڈ فلم 'دی کروڈز: اے نیو ایچ' ریلیز کے چھٹے ہفتے میں 22 لاکھ ڈالرز کمانے میں کامیاب رہی جب کہ مقامی سطح پر فلم مجموعی طور پر تین کروڑ 45 لاکھ ڈالرز اور پوری دنیا میں اب تک 11 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کما چکی ہے۔

یونیورسل نے ٹام ہینکس کی فلم 'نیوز آف دی ورلڈ' بھی ریلیز کی تھی جس کی مقامی باکس آفس پر مجموعی کمائی 54 لاکھ ڈالرز رہی۔

نیٹ فلکس نے رواں موسمِ سرما میں فلم کے بین الاقوامی حقوق حاصل کر لیے ہیں۔ ہینکس نے فلم میں سول وار ویٹرن کا کردار ادا کیا ہے جو اغوا ہونے والی ایک کم سن لڑکی کو خاندان سے ملانے کی کوشش کرتا ہے۔

امریکی کمپنی 'لائنز گیٹ' کی تھرلر فلم 'فٹیل' نے ریلیز کے تیسرے ہفتے میں سات لاکھ ڈالرز جب کہ مجموعی طور پر 31 لاکھ ڈالرز کما لیے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ کمپنی 'فوکس' کی 'پرومیسنگ ینگ وومن' ریلیز کے دوسرے ہفتے چھ لاکھ 60 ہزار ڈالرز جب کہ مجموعی طور پر اب تک 19 لاکھ ڈالرز کمانے میں کامیاب رہی ہے۔

'ڈزنی اینڈ پکسرز' کی 'سول' چھٹیوں میں 'ڈزنی پلس' پر اسٹریم کی گئی لیکن فلم کو چین، سعودی عرب اور تھائی لینڈ کی اوورسیز مارکیٹس میں ریلیز کیا گیا۔

اینی میٹڈ فلم سول کی کہانی ایک مڈل اسکول میوزک ٹیچر کے گرد گھومتی ہے جس کی روح اس کے جسم سے الگ ہو جاتی ہے۔

فلم کا ریلیز کے دوسرے ہفتے بزنس ایک کروڑ 65 لاکھ ڈالرز اور مجموعی بزنس تین کروڑ 25 لاکھ ڈالرز رہا۔

XS
SM
MD
LG