رسائی کے لنکس

بچوں کا عالمی دن, بچوں کے مستقبل کا سوچنے کا دن ہے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اس سال کرونا وائرس سے پھیلنے والی عالمی وبا کا بحران، بچوں کے حقوق کا بحران بھی ثابت ہوا ہے۔ عالمی وبا بچوں کیلئے فوری اثرات رکھتی ہے، اور اگر مہلک وبا سے جنگ کے دوران بچے عدم توجہی کا شکار ہوئے، تو پھر اس کی قیمت شاید ساری عمر چکانی پڑے۔

20 نومبر کا دن ایک ایسا دن ہے جب دنیا بھر میں بچوں کے مستقبل پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے۔ ہمیں ٓآنے والے کل کو اپنے بچوں کے لیے خوشگوار بنانا ہے۔ اس کے لیے ہم کیا کر سکتے ہیں؟ یہ آج ہم سب کو سوچنا ہے۔

بچوں کے عالمی دن کا قیام 1954 میں ہوا تھا۔ اس سے قبل اس دن کو یونیورسل چلڈرنز ڈے کہا جاتا تھا جو ہر سال 20 نومبر کو منایا جاتا ہے، تا کہ دنیا بھر کے بچوں میں عالمی اجتماعیت اور آگہی کو فروغ دیا جائے، اور بچوں کی فلاح کو بہتر بنایا جائے۔

20 نومبر ایک اہم تاریخ ہے، کیونکہ 1956 کو اسی تاریخ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے بچوں کے حقوق سے متعلق ایک عالمی دستاویز، ڈیکلریشن آف دی رائٹس آف دی چائلڈ، کو منظور کیا تھا۔ اور پھر 1989 کو اسی تاریخ پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے کنوینشن آن دی رائٹس آف دی چائلڈ کی منظوری دی تھی، جو کہ انسانی حقوق سے متعلق ایک بین الاقوامی معاہدہ تھا، جس کے تحت بچوں کے شہری، سیاسی، معاشی، سماجی، صحت اور ثقافتی حقوق کو یقینی بنانے کا آغاز ہوا تھا۔

چونکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے بچوں کے حقوق سے متعلق ڈیکلریشن اور کنونشن اسی تاریخ کو منظور کیا تھا، اس لیے 1990 سے بچوں کا عالمی دن اسی تاریخ کو سالانہ یادگاری تقریب کے طور پر بھی منایا جاتا ہے۔

عالمی دن ایسے مواقع ہیں جب ہم عالمی مسائل کے حل کیلئے وسائل کی فراہمی اور انسانیت کی کامیابیوں کا جشن منانے اور انہیں مضبوط بنانےکیلئے عوام کو آگاہ کرتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے قیام سے پہلے بھی عالمی دن منائے جاتے تھے، اقوام متحدہ نے بھی انہیں مختلف امور کی وکالت کیلئے ایک اہم ذریعے کے طور پر اپنا لیا۔

اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف کا کہنا ہے کہ والدین، اساتذہ، نرسیں اور ڈاکٹر، حکومتی لیڈر، سول سوسائٹی کے سرگرم کارکن، مذہبی اور برادری کے قائدین، کارپوریٹ سیکٹر کے رہنما اور میڈیا پروفیشنلز کے ساتھ ساتھ نوجوان اور خود بچے بھی، بچوں کے عالمی دن کو اپنے اپنے معاشروں، کمیونیٹیز اور اقوام کیلئے بامقصد بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

بچوں کا عالمی دن ہم سب کو، بچوں کےحقوق کی وکالت، فروغ اور انہیں ادا کرنے کا ایک پرجوش نقطہ آغاز فراہم کرتا ہے،جس سے بچوں کیلئے اس دنیا کو بہتر بنانے کیلئے سوچ بچار اور اسے عملی شکل میں ڈھالنے کی راہ ہموار ہوتی ہے۔

XS
SM
MD
LG