رسائی کے لنکس

وارم اپ میچ: افغانستان نے پاکستان کو تین وکٹوں سے شکست دے دی


افغانستان نے جمعے کو برسٹل میں کھیلے گئے پہلے وارم اپ میچ میں پاکستان کو 3 وکٹوں سے ہرا دیا۔ افغانستان کو میچ جیتنے کے لئے 263 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

اس ہار کے ساتھ ہی کرکٹ سے گہری دلچسپی رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ کم تجربہ کار ٹیم ہونے کے باوجود پاکستان جیسی تجربہ کار ٹیم کو ہرانا افغانستان کے لئے فخر اور خود پاکستان سمیت کئی ٹیموں کے لئے خطرے کی گھنٹی ہے۔

ورلڈ کپ سے قبل تمام ٹیمیں وارم اپ میچز میں مصروف ہیں۔ پاکستان کو بھی آج برسٹل کے کاؤنٹی گراؤنڈ میں افغانستان سے پہلا میچ کھیلنا تھا۔

سرفراز احمد جلد بازی میں اسٹمپڈ ہوئے
سرفراز احمد جلد بازی میں اسٹمپڈ ہوئے

پاکستان کی جانب سے اوپننگ امام الحق اور فخر زمان نے کی۔ تاہم، امام الحق فخر زمان کا زیادہ لمبا ساتھ نہ دے سکے اور صرف 32 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، جبکہ فخر زمان بھی 19 ہی رنز بنا سکے۔

امام الحق کے آؤٹ ہونے کے بعد ان کی جگہ حارث سہیل کھیلنے آئے مگر وہ فخر زمان سے بھی پہلے اسکور میں صرف ایک رن کا اضافہ کرکے کلین بولڈ ہوگئے۔

ان کے بعد محمد حفیظ کریز پر پہنچے۔ لیکن وہ بھی افغانستان کے بالر کے آگے زیادہ دیر تک نہ ٹک سکے اور 12 رنز پر ہی پویلین لوٹا دیئے گئے۔

حفیظ کے بعد بابر اعظم اور شعیب ملک نے اچھی شراکت داری نبھائی اور اسکور میں 103 رنز کا اضافہ کیا۔ تاہم، شعیب ملک 44 رنز سے آگے نہ بڑھ سکے اور آؤٹ ہوگئے۔ اس موقع پر بابر اعظم نے ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی، جبکہ آؤٹ ہونے تک ان کا انفرادی اسکور 112رنز رہا۔

ان کے بعد آنے والے کسی بھی کھلاڑی نے جم کر بیٹنگ نہیں کی یہاں تک کہ پاکستانی کیپٹن سرفراز احمد صرف 13 رنز ہی بنا سکے، عماد وسیم نے 18 اور حسن علی نے 6 رنز بنائے۔

افغانستان کے سب سے کامیاب بالر محمد نبی رہے جنہوں نے تین وکٹیں لیں۔ ان کے بعد راشد خان اور دولت زدران نے اچھی بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

افغان کھلاڑیوں نے جوابی بیٹنگ میں اعتماد کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح سے سرفراز کیا۔ حضرت اللہ نے 49 اور حشمت اللہ شاہدی نے 74 رنز بنائے۔ وہ آخر تک ناٹ آؤٹ بھی رہے۔ ان دونوں کی پارٹنر شپ میں 66 رنز کا اضافہ ہوا۔

سمیع اللہ شنواری اور حشمت اللہ شاہدی کی پارٹنر شپ میں 49رنز بنے، جبکہ سمیع اللہ نے 22 رنز بنائے۔

میچ میں دلچسپ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب زازئی نے شاہین شاہ آفریدی کے ایک اوور میں 5 چوکے لگائے،جبکہ مجموعی طور پر انہوں نے28گیندوں پر 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 49 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے تین، عماد وسیم نے دو، شاداب خان اور محمد حسنین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

افغانستان نے ہدف ایک بال پہلے حاصل کرکے یہ میچ جیتا۔

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دوسرا وارم اپ میچ 26 مئی کو کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG