رسائی کے لنکس

پہلی بار پاکستان آنے کا سوچا تو گھبرایا تھا، فاف ڈوپلیسی


ورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈوپلیسی اور ورلڈ الیون کوچ اینڈی فلاور
ورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈوپلیسی اور ورلڈ الیون کوچ اینڈی فلاور

کنور رحمان خاں

آزادی کپ کے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی کے بعد قذافی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے ورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ پاکستانی عوام نے بہت پیار دیا۔ یہاں اچھا وقت گذارا اور وہ پاکستان سے اچھی یادیں لے کر جا رہے ہیں۔

فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ سیریز کے تمام انتظامات بہترین تھے جس نے ٹورنامنٹ کو چار چاند لگا دیے۔ انہوں نے بتایا کہ جب پاکستان جانے کا پہلی مرتبہ سوچا تو گھبرا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'پاکستان میں کھیلنے کا اچھا تجربہ ہوا ساؤتھ افریقہ جا کر ٹیم میٹس اور بورڈ کو بتائیں گے'۔

اس موقع پر ورلڈ الیون کے کوچ اینڈی فلاور نے کہا کہ وہ پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ شائقین کرکٹ نے بہت سپورٹ کیا ۔ وہ اس دورے سے حسین یادیں لے کر جائیں گے۔

اینڈی فلاور نے کہا کہ ہوٹل سے لے کر گراؤنڈ تک سیکیورٹی کے انتظامات بہت شاندار تھے۔ سیکیورٹی نے اس ایونٹ کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ 'آزادی کپ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے پہلا قدم ہے۔ یہ پہلا قدم ہے۔ اس کے بعد آہستہ آہستہ باقی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی'۔

پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد
پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد

میچ کے بعد وننگ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ وہ ورلڈ الیون کی پوری ٹیم کا بہت زیادہ شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے پاکستان کا دورہ کیا۔

سرفراز احمد نے کہا کہ پچھلے میچ میں غلطیاں زیادہ ہوئیں جو شکست کی وجہ بنی۔ ٹیم کے لڑ کے غلطیوں سے سیکھ رہے ہیں جس کے باعث پرفارمنس بہتر ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ورلڈ الیون ایک مضبوط ٹیم تھی جس کے ساتھ کھیلنا آسان نہیں تھا۔

ورلڈ الیون کی ٹیم 16 ستمبر کی صبح لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے واپس روانہ ہو جائے گی۔

XS
SM
MD
LG