رسائی کے لنکس

دنیا کے سب سے بڑے آرکیسٹرا کا ریکارڈ وینزویلا کے موسیقاروں کے نام


وینزویلا کے ہزاروں موسیقاروں نے 12 منٹ تک دھن بجا کر عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔
وینزویلا کے ہزاروں موسیقاروں نے 12 منٹ تک دھن بجا کر عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔

دنیا بھر میں آئے روز کوئی نہ کوئی ریکارڈ بنتا اور ٹوٹتا رہتا ہے۔ کبھی کوئی انفرادی طور پر ایسا کارنامہ انجام دیتا ہے جو عالمی سطح پر ریکارڈ تسلیم کیا جاتا ہے تو کبھی اجتماعی طور پر ریکارڈ کو اپنے نام کیا جاتا ہے۔

ایسا ہی کچھ وینزویلا کے ہزاروں موسیقاروں نے کیا جنہوں نے گنیز بک ورلڈ ریکارڈ کے مطابق دنیا کے سب سے بڑے آرکیسٹرا کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے ہفتے کو ایک ویڈیو ریلیز میں اعلان کیا کہ آٹھ ہزار 573 موسیقاروں نے یہ ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ان موسیقاروں نے ایک ہفتے قبل روسی کمپوزر چائے کوفسکی کی نظم کی دھن بجائی تھی۔

وینزویلا میں اس ریکارڈ کو بنانے کے لیے 13 نومبر کو ال سستیما نامی آرکیسٹرا کے 12 ہزار موسیقاروں نے حصہ لیا تھا۔ ان موسیقاروں کی عمریں 12 سے 77 سال کے درمیان تھیں اور انہوں نے دارالحکومت کراکس کی ایک ملٹری اکیڈمی میں یہ ریکارڈ بنانے کی کوشش کی تھی۔

دنیا کا سب سے بڑا آرکیسٹرا کا ریکارڈ اپنے نام کرنے کے لیے آٹھ ہزار 97 سے زائد موسیقار درکار تھے جنہوں نے بیک وقت پانچ منٹ تک دھن بجانا تھی۔

وینزیلا میں یہ ریکارڈ توڑنے کے لیے لگ بھگ 12 ہزار موسیقار موجود تھے لیکن گنیز بک نے اپنے ریکارڈ میں ان موسیقاروں کی تعداد آٹھ ہزار 573 بتائی ہے۔

ان موسیقاروں نے 12 منٹ تک دھن بجائی اور اس پورے عمل کی نگرانی کے لیے 250 سے زیادہ سپروائزر موجود تھے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ روس کے ایک گروپ کے پاس تھا جس کے آٹھ ہزار 97 موسیقاروں نے ملک کے قومی ترانے کی دھن بجائی تھی۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG