رسائی کے لنکس

کراچی طیارہ حادثے پر عالمی رہنماؤں کا اظہار غم


کراچی میں جمعہ کو طیارے کے حادثے پر عالمی رہنماؤں نے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور پاکستانی عوام سے تعزیت کی ہے۔

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ اس صبح پاکستان سے آنے والی خبر رنجیدہ کردینے والی ہے۔ وہ دکھ کی اس گھڑی میں ان لوگوں کے ساتھ ہیں جو اس حادثے سے متاثر ہوئے ہیں۔ آپ کینیڈا کے لوگوں کی دعاؤں میں شامل ہیں۔

افغان صدر اشرف غنی نے کہا کہ وہ پاکستان کے عوام اور حکومت کو پرخلوص تعزیت پیش کرتے ہیں۔ غم کے اس موقع پر افغان آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اسلام آباد میں چینی سفارت خانے نے بھی اس سے ملتا جلتا بیان جاری کیا اور کہا کہ انھوں نے بھاری دل کے ساتھ کراچی میں طیارہ حادثے کی خبر سنی۔ دکھ کے اس موقع پر ہم پاکستان کے ساتھ ہیں۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ٹوئیٹ پر لکھا کہ وہ پاکستان میں طیارہ حادثے میں قیمتی جانیں ضائع ہونے پر انتہائی غمزدہ ہیں اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ انھوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

ولادی میر پوتن نے پاکستان کے صدر اور وزیراعظم کو تعزیت کا پیغام ارسال کیا۔ اسلام آباد میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ڈاکٹر جیفری شا نے ٹوئیٹ کیا کہ انھیں کراچی میں طیارہ کے سانحے پر دکھ ہوا ہے اور وہ متاثرین کے اہلخانہ اور دوستوں کے لیے دعاگو ہیں۔

اس سے پہلے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ان کا دل نہایت رنجیدہ اور مغموم ہے اور اس سانحے کی فوری تحقیقات کروائے جائے گی۔

XS
SM
MD
LG