رسائی کے لنکس

پاکستانی فلم ’دختر‘ ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں دکھائی جائے گی


’دختر‘ کی کہانی قبائلی رسم و رواج، کم عمری کی شادی اور ماں بیٹی کے حساس رشتے کے گرد بنی گئی ہے جس میں کئی جذباتی موڑ بھی ہیں اور حقیقت کا رنگ لئے خوفزدہ کر دینے والی سچائی بھی

پاکستان میں چیلنجنگ اور روٹین سے ہٹ کر فلموں کو جب سے ملکی اور انٹرنیشنل مارکیٹ میں پذیرائی ملنا شروع ہوئی ہے، نوجوان فلم میکرز نت نئے موضوعات کو اسکرین پر پیش کر رہے ہیں۔

مصالحہ فارمولے سے ہٹ کر بنائی گئی اسی طرح کی ایک اور فلم ’دختر‘ کا ورلڈ پریمیئر ٹورنٹو فلم فیسٹول، کینیڈا میں 5ستمبر کو ہوگا۔

’دختر‘ کی کہانی قبائلی رسم و رواج، کم عمری کی شادی اور ماں بیٹی کے حساس رشتے کے گرد بُنی گئی ہے، جس میں کئی جذباتی موڑ بھی ہیں اور حقیقت کا رنگ لئے خوفزدہ کر دینے والی سچائی بھی۔

ماں، بیٹی کے ساتھ جس شخص کا فلم میں اہم کردار ہے۔ وہ ہے ایک ٹرک ڈرائیور ہے جو جان کے خوف سے دربدر بھٹکنے والی ماں بیٹی کی مدد کرتا ہے۔

فلم کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ اس میں سڑک کے سفر کے ذریعے ہنزہ، اسکردو، گلگت اور کلرکہار جیسے خوبصورت مناظر سے سجے علاقوں سے لے کر لاہور جیسے مصروف شہر کی گہماگہمی تک کو بڑے دلکش انداز میں پکچرائز کیا گیا ہے۔

منفی 30 ڈگری درجہٴحرارت میں 200 لوگوں کے ساتھ شوٹنگ
فلم کی شوٹنگ رگوں میں خون جما دینے والے منفی 30درجہٴحرارت میں مکمل کی گئی جس میں 200سے زائد ایکسٹراز نے بھی حصہ لیا اور بلند ترین سڑکوں پر کار چیزنگ کے سین نہایت بہادری سے پکچرائز کرائے۔

فلم کی رائٹر، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر عافیہ نتھنیل کا کہنا ہے کہ ’ٹورنٹو فلم فیسٹیول کے لئے پاکستانی فلم کا منتخب ہونا بڑا اعزاز ہے۔ ہمیں پوری امید ہے کہ انٹرنیشنل شائقین فلم کو پسند کریں گے۔ ’دختر‘ کی کہانی فلم دیکھنے والوں کو اپنے ساتھ رونے اور ہنسنے پر مجبور کر دے گی۔‘

پروڈیوسر خالد علی نے جذبات کا اظہار یہ کہہ کر کیا کہ ’یہ ہم سب کے لئے انتہائی یادگار اور قابل فخر لمحہ ہے۔ پہلا موقع ہے کہ پاکستانی کاسٹ اور کریو کی فلم دنیا کے معتبر فلمی میلے کا حصہ بننے جارہی ہے۔ ہمارا ٹیلنٹ اب دنیا بھرمیں متعارف ہوگا۔‘

ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے پروگرامر جین اسکوئیٹل کے مطابق’فیسٹیول میں مختلف سبجیکٹ پر بنائی گئی فلمیں دکھائی جاتی ہیں۔ ’دختر‘ فوٹوگرافی سے لے کر کہانی تک ہر شعبے میں بہترین ہے اسی لئے اس کا انتخاب کیا گیا۔‘

’دختر‘ کی کاسٹ میں شامل ہیں سمیعہ ممتاز، محب مرزا، صالحہ عارف، آصف خان، عجب گل، عدنان شاہ، عبداللہ جان، ثمینہ احمد اور عمیر رانا۔

’دختر‘ کو فیسٹیول کے آرگنائزر نے چنا ’ڈسکوری سیکشن‘ میں نمائش کے لئے جس میں پہلی یا دوسری مرتبہ فلم بنانے والے ڈائریکٹرز کی فلمیں دکھائی جاتی ہیں۔ رواں سال ڈسکوری سیکشن میں پیش کی جانے والی فلموں میں 25فیصد فلمیں خواتین فلم میکرز نے بنائی ہیں۔

’دختر‘ 18ستمبر کو پاکستان بھر کے سینماوٴں میں ریلیز ہوگی۔

XS
SM
MD
LG