رسائی کے لنکس

دبنگ-تھری کی آمد پر سلمان خان کو ملا خصوصی تحفہ


سلمان خان کے لیے تیار کردہ بیلٹ پر سونے کی پلیٹیں لگی ہیں۔ سونے کے ہی سنہری الفاظ میں ان کا نام درج ہے۔
سلمان خان کے لیے تیار کردہ بیلٹ پر سونے کی پلیٹیں لگی ہیں۔ سونے کے ہی سنہری الفاظ میں ان کا نام درج ہے۔

سلمان خان کی نئی فلم 'دبنگ-تھری' ریلیز ہو گئی ہے اور ریلیز کے ساتھ اس کو کامیابی بھی حاصل ہوئی ہے۔ اس پر سلمان کو جہاں دنیا بھر سے مبارک باد کے پیغامات مل رہے ہیں، وہیں انہیں ایک خصوصی تحفہ بھی دیا گیا ہے اور وہ بھی ایک بین الاقوامی شہرت یافتہ تنظیم 'ڈبلیو ڈبلیو ای' کی جانب سے۔

انہیں یہ انوکھا تحفہ ان کی فلم 'دبنگ-3' کی ریلیز کی خوشی میں دیا گیا ہے۔ یہ تحفہ ایک بیلٹ کی صورت میں سلمان خان کو ملا ہے۔ جس پر سونے کی پلیٹیں جڑی ہیں اور سونے کے ہی سنہری الفاظ میں ان کا نام درج ہے۔

بیلٹ ریسلنگ کے عالمی مقابلے جیتنے والے ریسلرز کو دی جانے والی بیلٹ سے مشابہہ ہے۔ اسے 'ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ بیلٹ' بھی کہا جاتا ہے۔

سلمان خان کو بیلٹ دیے جانے کا اعلان 'ڈبلیو ڈبلیو ای ناؤ انڈیا' کے میزبان گیلین مینڈونکا نے ٹی وی شو کے دوران کیا۔

دبنگ-تھری جمعے کو ریلیز ہوئی تھی اور پہلے ہی دن وہ 24 کروڑ 50 لاکھ روپے کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی۔ یہ بزنس فلم ٹریڈ سے جڑے لوگوں کے اندازے سے کم ہے جس کی بڑی وجہ بھارت میں متنازع شہریت قانون کے خلاف بڑے پیمانے پر ہونے والے مظاہرے ہیں۔

تجزیہ کاروں نے اندازہ لگایا تھا کہ فلم سلمان خان کی دوسری فلموں کی طرح کم از کم 30 کروڑ روپے کا بزنس کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔

ابتدائی اعداد و شمار کا جائزہ لیتے ہوئے تجزیہ کار ترون آدرش نے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا ہے کہ فلم نے پہلے دن 20 کروڑ سے زیادہ کا بزنس کیا جو سلمان خان کے اسٹار پاور کا نتیجہ ہے۔ مظاہروں کی وجہ سے فلم کی کمائی پر فرق پڑا ہے۔ مظاہروں سے کافی رقم ضائع ہوگئی ہے۔

فلم کی ریلیز سے صرف ایک دن پہلے پروڈیوسرز نے رضاکارانہ طور پر فلم سے کچھ سین نکال دیے تھے۔

فلم اس تنازع میں گھری ہوئی تھی کہ اس کے ایک منظر میں سادھوؤں کو رقص کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس سین پر ایک قوم پرست جماعت نے سخت اعتراض کیا تھا۔

اس اعتراض پر سلمان خان نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ کچھ لوگ اس منظر کے بارے میں شور مچا کر شہرت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

فلم کے ہدایت کار پربھودیو ہیں جبکہ دیگر کاسٹ میں کیچا سندیپ ، سوناکشی سنہا ، سائی منجریکر، ارباز خان، ماہی گل، ڈمپل کپاڈیہ، پرمود کھنہ اور ارباز خان شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG