رسائی کے لنکس

صدر ژی جون میں جنوبی کوریا کا دورہ کریں گے: ذرائع


صدر ژی جِن پِنگ

سفارتی ذریعے نے بتایا ہے کہ چین کے وزیر خارجہ اِسی ماہ سیئول کا دورہ کریں گے، جہاں وہ صدر ژی کے دورے سے قبل، ایجنڈے اور دونوں ملکوں کے لیے تشویش کے باعث دیگر امور پر بات چیت کریں گے

سیئول میں ایک سفارتی ذریعے نے جمعے کے روز بتایا کہ چین کے صدر ژی جِن پِنگ جون میں سیئول کا دورہ کرنے والے ہیں، جہاں وہ جنوبی کوریائی صدر، پارک گیئون ہوئے سے ملاقات کریں گے۔

ذریعے نے، جس نے نام ظاہر نہ کرنے پر اصرار کیا، ’وائس آف امریکہ‘ کی کوریائی سروس کو بتایا کہ چین نے جنوبی کوریا کی اس تجویز پر کوئی اعتراض نہیں کیا جِس میں کہا گیا تھا کہ جون کے اوائل میں، صدر ژی سیئول کا دورہ کریں گے۔

تاہم، دورے کی تاریخوں کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا۔


اِسی ذریعے نے کہا ہے کہ جنوبی کوریا کی حکومت نے گذشتہ ماہ حکومت کے اہل کاروں اور سویلین ماہرین کا ایک اجلاس بلایا تھا جس میں آئندہ سربراہ اجلاس کی تیاریوں پر گفتگو کی گئی۔ اِسی طرح کی ایک ملاقات اگلے ہفتے ہونے والی ہے۔

ذریعے نے مزید بتایا کہ چین کے وزیر خارجہ، وینگ یی اسی ماہ سیئول کا دورہ کریں گے، جہاں وہ صدر ژی کے دورے سے قبل، ایجنڈے اور دونوں ملکوں کے لیے تشویش کے باعث دیگر امور پر بات چیت کریں گے۔ صدر بننے کے بعد، یہ اُن کا جنوبی کوریا کا پہلا دورہ ہوگا۔

شمالی کوریا، جس نے حالیہ دنوں کے دوران دوسرے جوہری ہتھیار کے تجربے کی دھمکی دی تھی، اُس کا معاملہ ایجنڈے میں اولیت پر ہوگا۔

جنوبی کوریا کی حکومت کے ایک اہل کار نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ چین اس سربراہ اجلاس کے موقع کو استعمال کرتے ہوئے شمالی کوریا کے اشتعال انگیز اقدامات کے بارے میں واضح پیغام دیگا۔

اِس سے قبل، چین کے جس صدر نے جنوبی کوریا کا دورہ کیا تھا وہ ہو جِن تاؤ تھے، جنھوں نے 2012ء میں جوہری سکیورٹی کے سربراہ اجلاس میں شرکت کی تھی۔
XS
SM
MD
LG