رسائی کے لنکس

عید اسپیشل، باکس آفس پر مقامی فلموں نے کیا 5 کروڑ کا بزنس


’یلغار‘ نے ریلیز کے پہلے ہی دن ایک کروڑ 75 لاکھ اور دوسرے دن 2 کروڑ 40 لاکھ روپے کا بزنس کیا جبکہ مہر النسا ۔۔۔ نے پہلے دن ایک کروڑ 10 لاکھ کا بزنس کیا، جبکہ دوسرے دن اس کی کمائی ایک کروڑ 75 لاکھ رہی

باکس آفس پر عید کے فلمی میلے میں اس بار دو پاکستانی فلمیں چھائی رہیں۔ ’یلغار ‘ اور ’مہرالنساء وی لب یو‘۔

دونوں فلموں کو کسی بھی انڈین فلم سے مقابلے کا سامنا نہیں تھا۔ اس لئے مقابلہ انہی دونوں فلموں کے درمیان رہا۔

فلم ’یلغار‘ کی ڈسٹری بیوشن فرم کے منیجر نصر خان نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ فلم نے ریلیز کے پہلے ہی دن ایک کروڑ 75 لاکھ اور دوسرے دن 2 کروڑ 40 لاکھ روپے کا بزنس کیا۔

نصر اللہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی بالی ووڈ یا لالی ووڈ فلم کو اب تک ریلیز کے ابتدائی دو دنوں میں اتنا بزنس کرنے کا موقع نہیں ملا۔

نصر کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ تیسرے دن کا بزنس جس کے ابھی اعداد و شمار اکٹھا کئے جا رہے ہیں۔ چار کروڑ سے زائد ہوسکتا ہے، کیوں کہ امریکہ سے بھی فلم کے اچھا بزنس کرنے کی خبریں آرہی ہیں، جبکہ فلم دنیا کے 22 ممالک میں ریلیز کی گئی ہے۔

’مہرالنساء آئی لب یو‘ کی بات کریں تو ایٹریم سنیما کے منیجنگ ڈائریکٹر ندیم مانڈی والا کے بقول، فلم نے پہلے دن ایک کروڑ 10 لاکھ کا بزنس کیا جبکہ دوسرے دن اس کی کمائی ایک کروڑ 75 لاکھ رہی۔ یعنی ’یلغار‘ کا ایک دن کا بزنس مہرالنساء کے دو دن کی مجموعی آمدنی ک مساوی رہی۔

ندیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ ’مہرالنسا‘ نے کراچی جبکہ ’یلغار‘ نے شمالی علاقہ جات میں اچھا بزنس کیا۔ مجموعی طور پر دیکھا جائے تو عید اسپیشل باکس آفس پر صرف دو مقامی فلموں نے تقریباً پانچ کروڑ روپے کا بزنس کیا جو بہت مثبت سمت کی جانب واضح اشارہ ہے۔

ندیم مانڈوی والا کے حوالے سے انگریزی روزنامے’ٹری بیون‘ نے خبردی ہے کہ دونوں فلموں کی کامیابی اس بات کی گواہ ہے کہ پاکستانی فلم انڈسٹری ترقی کی جانب گامزن ہے اور آنے والے سالوں میں یہ مزید ترقی کرے گی۔

XS
SM
MD
LG