رسائی کے لنکس

وفاقی وزیرِ قانون زاہد حامد کا استعفیٰ منظور


زاہد حامد (فائل فوٹو)
زاہد حامد (فائل فوٹو)

استعفے میں وزیرِ قانون نے لکھا ہے کہ الیکشن فارم میں ہونے والی تبدیلی میں ان کا کوئی قصور نہیں تھا لیکن ملک میں جاری بحران کے پیشِ نظر وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہورہے ہیں۔

پاکستان کے وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے وفاقی وزیرِ قانون زاہد حامد کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے۔

پاکستان کے سرکاری ٹی وی 'پی ٹی وی' کے مطابق زاہد حامد نے اپنا استعفیٰ اتوار کی شب رضاکارانہ طور پر وزیرِاعظم کو پیش کیا تھا جسے پیر کی صبح منظور کرلیا گیا۔

استعفے میں وزیرِ قانون نے لکھا ہے کہ الیکشن فارم میں ہونے والی تبدیلی میں ان کا کوئی قصور نہیں تھا لیکن ملک میں جاری بحران کے پیشِ نظر وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہورہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق زاہد حامد اپنے استعفے سے متعلق تفصیلی بیان بعد میں جاری کریں گے۔

وزیرِ قانون نے یہ استعفیٰ حکومت اور اسلام آباد کے مقام فیض آباد پر گزشتہ 21 روز سے دھرنے پر بیٹھے مظاہرین کے درمیان معاہدہ طے پانے کے بعد دیا ہے جس میں ان کی برطرفی یا استعفے کا مطالبہ بھی شامل تھا۔

اتوار اور پیر کی درمیانی شب طے پانے والا یہ معاہدہ پاکستانی فوج کی کوششوں سے طے پایا ہے جس پر ایک حاضر سروس میجر جنرل کے دستخط بھی موجود ہیں۔

معاہدہ طے پانے کی اطلاعات کے بعد دھرنا مظاہرین نے اپنا سامان اکٹھا کرنا شروع کردیا ہے اور اس کے ساتھ ہی دھرنے کے اطراف تعینات ایف سی اور رینجرز کی نفری میں بھی کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔

XS
SM
MD
LG