رسائی کے لنکس

زارا شیخ، ایشوریا کے بعد ’دیوداس‘ کی چوتھی ہیروئن


پاکستان میں بھی ’دیوداس‘ کے نام سے ایک فلم بنی ہے جو ریلیز کے لئے تیار ہے اور جس میں پاکستان کی ماڈل گرل اور ٹی وی و فلموں کی کامیاب ایکٹریس زارا شیخ نے بطور ہیروئن کام کیا ہے۔یوں زارا شیخ ’دیوداس‘ کی چوتھی ہیروئن ہیں

کراچی ۔۔۔ شاہ رخ خان اور ایشوریہ رائے کی میگا ہٹ فلم ’دیوداس‘ تو آپ نے دیکھی ہی ہوگی ۔ ’دیوداس‘ درحقیقت بنگلہ زبان کا شہرہ آفاق ناول تھا اور اس کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ اس پر بھارت میں ہی نہیں پاکستان میں بھی متعدد فلمیں بن چکی ہیں۔

سب سے پہلے کے ایل سہگل، اس کے بعد لیجنڈری اداکار دلیپ کمار اور پھر بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے دیوداس کا رول ادا کیا تھا، جبکہ ’پارو‘ کا کردار جمونا بروا، سچترا سین اور ایشوریا رائے نے نبھائے تھے۔

پاکستان میں بھی ’دیوداس‘ کے نام سے ایک فلم بنی ہے جو ریلیز کے لئے تیار ہے اور جس میں پاکستان کی ماڈل گرل اور ٹی وی و فلموں کی کامیاب ایکٹریس زارا شیخ نے بطور ہیروئن کام کیا ہے۔یوں زارا شیخ ’دیوداس‘ کی چوتھی ہیروئن ہیں۔

ماڈلنگ بنی پہلی پہچان
زارا شیخ کی پہلی پہچان ماڈلنگ ہے۔ وہ کامیاب ماڈل بننے کے بعد ہی فلموں میں آئیں۔ وہ ماڈلنگ میں ایک ملٹی نیشنل موبائل کمپنی کی برانڈ ایمبسڈر بننے کواپنی کامیابی کی معراج قرار دیتی ہیں۔میڈیا کو دیئے گئے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کا کہنا تھا ”برانڈ ایمبسڈر بنتے ہی میں راتوں رات معروف ماڈلز کی صف میں آکھڑی ہوئی۔“

ماڈلنگ سے کھلا فلموں کا راستہ
زارا کی پہلی پاکستانی اردو فلم تھی ”تیرے پیار میں“جس کے ہیرو تھے شان۔ بقول زارا ”باکس آفس پر اس وقت ریما، ثنا، نرگس، صائمہ اور ریشم چھائی ہوئیں تھیں ایسے میں ”تیرے پیار میں“ کیا کامیاب ہوئی میرے پاس نئی فلموں کی لائن لگ گئی۔ لیکن، میں نے بھیڑ چال نہیں چلی بلکہ صرف چند فلموں کو اپنے لئے چنا۔

زارا کی 13سالہ فلمی کیرئیر میں ایک کے بعد ایک کئی کامیاب فلمیں آئیں مثلاً ”چلو عشق لڑائیں“ ، ” لاج“ ، ”کمانڈو“ ، ”یہ وعدہ رہا“، ”سلاخیں“، ”تیرے بنا جیا نہ جائے“، ”پہلا پہلا پیار“ اور ”کبھی پیار نہ کرنا“، وغیرہ۔

آنے والی فلم ہے ۔۔”دیوداس“
اپنی آنے والی فلم کے بارے میں زاراکہتی ہیں ”دیوداس“ ریلیز کے لیے بالکل تیار ہے۔ اسے اقبال کشمیری نے ڈائریکٹ کیا ہے۔یہ ہر لحاظ سے ایک اچھی کوشش ہے جس میں مجھے ”پارو “کا یادگار رول کرنے کا موقع ملا ہے۔ میں نے کوشش کی ہے کہ فلم دیکھنے والوں کو کہیں بھی سچترا سین یا ایشوریارائے کی جھلک نظر نہ آئے۔۔بلکہ انہیں پارو کے روپ میں ”زارا“ نظر آئے۔
XS
SM
MD
LG