رسائی کے لنکس

صدر زرداری کا خیبر پختونخوا اسمبلی سے خطاب


صدر زرداری نے کہا کہ اصل انقلاب جمہوریت ہے اور ان کی دعا ہے کہ پاکستان کی آئندہ نسلیں بھی جمہوریت کے راستے پر گامزن رہیں۔

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ اسمبلیوں کا اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرنا سیاست دانوں اور اراکینِ پارلیمان کی سنجیدگی اور فراست کا مظہر ہے۔

پیر کو خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب میں صدر زرداری نے دعویٰ کیا کہ ان کی حکومت نے صوبوں کو بااختیار بنا کر انہیں پاکستان سے دور کرنے کی کوششیں ناکام بنادی ہیں۔

صدر زرداری نے کہا کہ اصل انقلاب جمہوریت ہے اور ان کی دعا ہے کہ پاکستان کی آئندہ نسلیں بھی جمہوریت کے راستے پر گامزن رہیں۔

واضح رہے کہ صدر زرداری خیبر پختونوا اسمبلی سے خطاب کرنے والے ملک کے پہلے منتخب صدر ہیں ۔ انہیں اس خطاب کی دعوت خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی اور صوبائی اسمبلی کے اسپیکرکرامت اللہ چغر مٹی نے دی تھی۔

صدر نے اپنے خطاب میں خیبر پختونخوا اسمبلی مدعو کیے جانے پر مسرت کااظہار کرتے ہوئے صوبے کے مسائل کے بارے میں بھی اظہارِ خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں خیبر پختونخوا کے پاس تمام وسائل موجود ہیں اور یہاں صرف امن کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام اور پولیس کی قربانیوں کی بدولت ہی جمہوریت کا سفر آگے بڑھ سکا ہے۔

صدر زرداری نے اپنے خطاب سے چند گھنٹے قبل جماعتِ اسلامی کے سابق امیر قاضی حسین احمد کے قافلے پر صوبے سے متصل قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں ہونے والے خودکش حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی کاروائیاں ایک مخصوص سوچ کا نتیجہ ہیں جو باہر سے آئی ہے۔

صدر زرداری کا کہنا تھا کہ قاضی حسین ایک مسلمان اور نمازی شخص ہیں لیکن اس مخصوص سوچ کے حامل لوگ انہیں بھی قبول کرنے پر تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی سوچ رکھنے والوں کے ارادے دنیا کے ساتھ ساتھ پاکستان کے بھی خلاف ہیں اور وہ جمہوریت کے ذریعے اس مخصوص سوچ کا مقابلہ کر رہے ہیں۔

صدر زرداری نے کہا کہ ان مخصوص نظریات نے خیبر پختونخوا کی روایات کو نقصان پہنچایا ہے اور صوبے کے لوگوں کو خود کو اور پاکستان کو محفوظ بنانے کے لیے اس شدت پسند ذہنیت کو شکست دینا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ان کے پاس یہ چوائس تھی کہ وہ اپنی آئندہ نسلوں کو سیاست میں آنے نہ دیتے لیکن وہ تمام تر خطرات کے باوجود اپنے اکلوتے بیٹے کو سیاست میں لائے ہیں۔

حزبِ اختلاف کی تنقید

ادھر صوبائی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف اکرم خان درانی نے صدر زرداری کے دورہ خیبر پختونخوا اور صوبائی اسمبلی سے خطاب کو انتخابات کی تیاری قرار دیا ہے۔

اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں 'جمعیت علمائے اسلام' سے تعلق رکھنے والے صوبے کے سابق وزیرِ اعلیٰ کا کہنا تھا کہ حزبِ اختلاف کو صدر کے خطاب کے لیے ہونے والے اسمبلی کے خصوصی اجلاس پر اعتماد میں نہیں لیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ انہیں صدر زرداری کے اس دورے سے کچھ زیادہ امیدیں نہیں اور انہیں یہ دورہ آئندہ عام انتخابات کی تیاری لگ رہا ہے۔
XS
SM
MD
LG