رسائی کے لنکس

 زیٹا سے کم از کم چھ افراد ہلاک, طوفان کا رخ جنوب مشرق کی جانب


اٹلانٹا میں شاہروں پر درخت گرنے سے ٹریفک کے نظام میں خلل پڑا ہے۔ 29 اکتوبر 2020
اٹلانٹا میں شاہروں پر درخت گرنے سے ٹریفک کے نظام میں خلل پڑا ہے۔ 29 اکتوبر 2020

امریکی خلیج کے ساحلوں کے ساتھ واقع وسطی بحر اقیانوس کی ریاستوں میں سمندری طوفان زیٹا کے ساتھ چلنے والی تیزہواؤں، جھکڑوں اور شدید بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، جس سے اب تک کی اطلاعات کے مطابق چھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

امریکہ کے سمندری طوفانوں سے متعلق قومی مرکز نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہا ہے کہ زیٹا اس وقت ریاست ورجینیا اور نارتھ کیرولائنا کی سرحد پر موجود ہے جس میں ہواؤں کی رفتار مسلسل 85 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور وہ تیزی سے شمال مشرق کی طرف بڑھ رہا ہے۔

زیٹا دوسرے درجے کی طاقت کے ساتھ امریکی خلیج کی ساحلی ریاستت لوزیانا سے ٹکرایا تھا۔

نیو آرلینز کے ایک رہائشی ول آروٹ نے بتایا کہ جھکڑوں کے ساتھ جب شاہ بلوط کا ایک درخت اس کے گھر سے ٹکرایا تو ایسی آواز آئی جیسے کوئی بم پھٹ گیا ہو۔ درخت کے ٹکرانے سے اس کی کار اور گھر کا ایک کونا تباہ ہو گیا۔

زیٹا سے لوزیانا میں تباہی
زیٹا سے لوزیانا میں تباہی

ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آروٹ کا کہنا تھا کہ مجھے توقع نہیں تھا کہ یہ کچھ ہو گا۔ لیکن جب میں نے اسے یہاں اپنی آنکھوں کے سامنے سے گزرتے ہوئے دیکھا تو وہ مجھے سخت نوعیت کا طوفان دکھائی دیا۔

زیٹا کے نتیجے میں ورجینیا اور واشنگٹن میں ایک سے تین انچ تک بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

اس سے قبل طوفان زیٹا ریاست لوزی آنا کے شہر نیو آرلینز سے براہ راست ٹکرانے کے بعد مزید مشرق میں ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا کی طرف بڑھ گیا تھا۔ یہ کیٹیگری دو کا بہت طاقت ور طوفان تھا جس میں ہواؤں کی رفتار تقریباً 175 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔

زیٹا سے اب تک کم ازکم چھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سےچار الاباما اور دو جارجیا میں اس وقت ہلاک ہوئے جب درخت اکھٹر کر ان کے گھروں پر گر پڑے۔ جارجیا کی گوانٹ کاؤنٹی کے فائر ڈیپارٹمنٹ نے بتایا ہے کہ مکان پر درخت گرنے سے دو افراد اپنے بستر پر ہی دب کر ہلاک ہو گئے۔

مسی سیپی میں ایک 58 سالہ شخص اس وقت ہلاک ہوا جب وہ بلاکسی کے علاقے میں چڑھتی ہوئی سمندری لہروں کی ویڈیو بنا تے ہوئے طوفان میں پھنس گیا تھا۔ جب کہ لوزیانا میں ایک 58 سالہ شخص بجلی کی ٹوٹی ہوئی تاروں سے چھو جانے سے موت کے منہ میں چلا گیا۔

تیز ہواؤں نے بڑے بڑے درخت اکھاڑ دیے۔
تیز ہواؤں نے بڑے بڑے درخت اکھاڑ دیے۔

درخت اور بجلی کے کھمبے گرنے سے جارجیا میں ساڑھے پانچ لاکھ گھروں سے زیادہ، جب کہ الاباما میں چار لاکھ 14 ہزار اور لوزیانا میں چار لاکھ 44 ہزار سے زیادہ گھروں میں بجلی منقطع ہو گئی۔

زیٹا اس سیزن میں لوزیانا سے ٹکرانے والا چوتھا سمندری طوفان بن گیا ہے اور اس سال مرکزی امریکہ میں آنے والا یہ 11 واں سمندری طوفان ہے۔ زیٹا سے براعظم امریکہ میں ایک سال میں آنے والے 27 طوفانوں کا ریکارڈ برابر ہو گیا ہے۔ اس سے قبل سال 2005 میں اتنی بڑی تعداد میں طوفان ریکارڈ ہوئے تھے۔

ہری کین سینٹر نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں سن 2005 کا ریکارڈ ٹوٹ سکتا ہے کیونکہ کریبئن میں طوفان آنے کا 60 فی صد امکان ہے جس کے بعد اس سیزن میں یہ تعداد بڑھ کر 28 ہو جائے گی۔

XS
SM
MD
LG