رسائی کے لنکس

دورۂ پاکستان کے لیے حکومتی اجازت ملنا یقینی ہے: زمبابوے کرکٹ بورڈ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

زمبابوے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین تیوینگوا مکوہلانی نے تصدیق کی ہے کہ کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ شیڈول کے مطابق پاکستان میں محدود اوورز کی کرکٹ کھیلنے جائے گی جس کی حکومت سے بھی جلد منظوری ملنے کا امکان ہے۔

حالیہ دنوں میں زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کے حوالے سے شکوک و شبہات کا اظہار کیا جا رہا تھا۔ تاہم زمبابوے بورڈ کے سربراہ نے کرکٹ ویب سائٹ 'کرک انفو' کو بتایا ہے کہ ٹیم شیڈول کے مطابق پاکستان کا دورہ کرے گی جس کا باضابطہ اعلان جلد کر دیا جائے گا۔

زمبابوے اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے درمیان 20 اکتوبر سے شروع ہونے والی سیریز کے دوران تین ایک روزہ میچ جب کہ اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

تین ایک روزہ میچز کی میزبانی ملتان جب کہ ٹی ٹوئنٹی میچز روالپنڈی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان میں یہ سیریز بائیو سیکیور ماحول میں کھیلی جائے گی جس میں کھلاڑیوں کو ایک مخصوص علاقے کے اندر ہی نقل و حرکت کی اجازت ہو گی تاکہ کرونا وبا سے بچا جا سکے۔

تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے تاحال اس حوالے سے ایس او پیز جاری نہیں کیے کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو کتنے روز کے لیے قرنطینہ میں رہنا ہو گا۔

اطلاعات کے مطابق یہ دورانیہ تین روز سے ایک ہفتے تک ہو سکتا ہے۔

پاکستان میں جولائی سے کرونا وبا کی شدت میں بتدریج کمی آئی ہے اور ملک میں اب تک تین لاکھ سے زائد افراد کرونا سے متاثر جب کہ چھ ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

ادھر زمبابوے میں بھی وبا کی شدت میں کمی آئی ہے اور اب تک آٹھ ہزار مصدقہ مریضوں کے علاوہ اب تک وائرس سے 224 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

خیال رہے کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے حالیہ سیزن میں بائیو سیکیور ماحول کے تحت ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلی تھی جس کے ذریعے کئی مہینوں بعد بین الاقوامی کرکٹ بحال ہوئی تھی۔

XS
SM
MD
LG