چین: سنکیانگ میں زلزلے کے جھٹکے

خبروں کے مطابق زلزلے سے 7 افراد زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔تاہم کسی کے ہلاک ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
چین کے سرکاری خبررساں ادارے کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ہفتے کی صبح شمال مغربی سنکیانگ علاقے میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

سرکاری ٹیلی ویژن نے اپنے نشریے میں کہاہے کہ زلزلے کے جھٹکے 20 سیکنڈز تک محسوس کیے جاتے رہے جس سے عمارتوں اور مکانوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

خبروں میں کہا گیا ہے کہ زلزلے کے سب سے شدید جھٹکے ریاست سنکیانگ کے صدر مقام ارمچی میں آئے ۔

مقامی آبادی کا کہناہے کہ زلزلے کے جھٹکوں سے ٹیلی ویژن کے سگنلز متاثر ہوئے اور گھروں کا فرنیچر ہلنے لگا۔

کئی مضافاتی علاقوں میں لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔

خبروں کے مطابق زلزلے سے 7 افراد زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔تاہم کسی کے ہلاک ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

حکام نے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں بھیج دی ہیں ۔

چینی حکام کا کہناہے کہ زلزلے کے بعد مسافروں کے تحفظ کے پیش نظر 32 مسافر گاڑیاں روک دی گئیں۔