اداکارہ روبینہ اشرف بھی کرونا کا شکار

فائل فوٹو

پاکستان ٹی وی کی سینئر اداکارہ روبینہ اشرف بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئی ہیں اور وہ کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

اداکارہ کے اہل خانہ اور ساتھی فن کاروں نے ان کی صحت کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔

ساٹھ سالہ روبینہ اشرف کرونا وائرس کے شبہے میں پچھلے کچھ دنوں سے آئسولیشن میں تھیں اور ان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

پاکستان ٹی وی ڈراموں سے وابستہ شخصیات روبینہ اشرف کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔

ماہرہ خان، ہمایوں سعید، محمد احمد، ثنا جاوید، اعجاز اسلم اور شگفتہ اعجاز سمیت متعدد شخصیات نے سوشل میڈیا پر روبینہ اشرف سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے ان کی صحت کے لیے دعا کی ہے۔

روبینہ اشرف ساتھی فنکارہ بشریٰ انصاری اور دیگر کے ہمراہ

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اداکار ہمایوں سعید نے ان کے تمام پرستاروں اور دیگر افراد سے روبینہ اشرف کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان سے دعا کی درخواست کی ہے۔

اداکار اعجاز اسلم نے بھی اس حوالے سے ایک ٹوئٹ کی ہے جس میں انہوں نے عوام اور پرستاروں سے روبینہ اشرف کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل ہے۔

روبینہ اشرف اداکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک پیشہ ور گرافک ڈیزائنر بھی ہیں۔ وہ گرافک ڈیزائنز میں گریجویٹ ہیں۔

فنی کیریئر میں انہیں سائرہ کاظمی کے ڈرامے ساون روپ سے شہرت ملی تھی حالانکہ یہ ان کا پہلا نہیں، دوسرا ڈرامہ تھا۔

روبینہ اشرف کو سب سے زیادہ شہرت ڈرامہ 'پسِ آئینہ' میں لیڈی پولیس انسپکٹر کے کردار سے ملی۔ اس سیریل کے بعد اُن کا نام ایک کے بعد ایک ڈرامے سے جڑتا چلا گیا۔

انہوں نے ڈراموں کے علاوہ 2016 میں ریلیز ہونے والی فلم 'لاہور سے آگے' میں بھی اداکاری کی۔ یہ فلم 2015 میں ریلیز ہونے والی مزاحیہ فلم 'کراچی سے لاہور' کا سیکول تھی۔

گزشتہ برس ہی روبینہ اشرف نے ڈرامہ سیریل 'سرخ چاندنی' سے بطور ڈرامہ ڈائریکٹر ڈیبیو کیا تھا جس کی کہانی تیزاب گردی کا شکار ہونے والی ایک عورت کے گرد گھومتی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستانی اداکاروں کے کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کا یہ واقعہ نہیں ہے بلکہ روبینہ اشرف سے پہلے ایک اور سینئر اداکارہ سکینہ سموں کے بھی وبائی مرض میں گھرجانے کی اطلاعات تھیں۔

دوسری جانب حالیہ عرصے کے دوران ہی اداکار اور پروڈیوسر ڈائریکٹر یاسر نواز، ان کی اہلیہ ندا یاسر، علیزے شاہ، نوید رضا کے بارے میں بھی یہی اطلاعات موصول ہوئیں تھیں کہ ان کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

پاکستان کے علاوہ کئی بالی وڈ فن کاروں میں بھی کرونا وائرس پھیلنے کی اطلاعات سامنے آ چکی ہیں۔ ادھر ہالی وڈ میں بھی کئی فن کار کرونا کا شکار ہو چکے ہیں۔