فرانس نے پہلا رافیل لڑاکا طیارہ بھارت کے حوالے کر دیا

فرانس کے جنوب مغربی شہر میرگنیک میں منگل کے روز ’دَسو شہری ہوا بازی‘ کی تنصیب پر ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں فرانسیسی وزیر دفاع فلورنس پرلے نے یہ لڑاکا طیارہ بھارتی ہم منصب راجناتھ سنگھ کے سپرد کیا

راج ناتھ سنگھ اِن دنوں فرانس کے سہ روزہ دورے پر ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، دونوں وزیر انڈو۔پیسیفک خطے میں دفاعی تعاون بڑھانے اور سیکیورٹی معاملات پر بات چیت کریں گے

دونوں ملکوں کے مابین 8.78 ارب ڈالر مالیت کا یہ سمجھوتا طے پانے کے بعد بھارت کی حزب اختلاف کی اہم سیاسی جماعت، انڈین نیشنل کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی پر الزام لگایا تھا کہ انھوں نے تقریباً تین گنا زیادہ نرخ پر طیاروں کی خریداری کا سودا کیا ہے

سال 2014 میں نریندر مودی کے اقتدار میں آنے سے قبل اُس وقت کی کانگریس حکومت رافیل طیاروں کی خریداری کے لیے زیادہ رقوم دینے پر تیار نہیں تھی

نریندر مودی کی حکومت فرانس سے لڑاکا طیاروں کے معاہدے میں خرد برد کے الزامات کو مسترد کرتی رہی ہے

بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کا کہنا ہے کہ بھارتی فضائیہ جنگی طیاروں کی کمی کا شکار ہے۔ رافیل طیاروں کی آمد سے اس صورتِ حال میں بہتری کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے