اٹلی میں ڈرگ مافیا کے خلاف مقدمہ، 350 ملزمان میں سیاست دان بھی شامل

اٹلی میں لیمزیا کی عدالت کے باہر بڑی تعداد میں سیکیورٹی تعینات کی گئی ہے۔ 13 جنوری 2021

اٹلی میں بدھ سے ایک مقدمے کی منفرد انداز میں سماعت شروع ہو رہی ہے، جس کے لیے ایک کمرہ عدالت خصوصی طور پر تعمیر کیا گیا ہے، کیونکہ اس مقدمے میں ملزمان کی تعداد 350 سے زیادہ ہے جن کے خلاف 900 سے زیادہ گواہوں کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

ایک بہت بڑے سائز کے عدالتی کمرے کی تعمیر کی ضرورت اس لیے پیش آئی کیونکہ تمام ملزم ایک ساتھ کٹہرے میں کھڑے کیے جائیں گے۔

اس مقدمے کے ملزمان بھی کوئی عام افراد نہیں ہیں، بلکہ ان میں قانون دان، سیاست دان، کاروباری افراد، اعلیٰ سرکاری عہدے دار اور مافیا کے ارکان شامل ہیں۔ ان پر منشیات کی اسمگلنگ، منی لانڈرنگ، ناجائز قبضوں اور قتل کے الزامات ہیں۔ یہ تمام جرائم منظم انداز میں برسوں تک جاری رہے۔

پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ مقدمہ بنیادی طور پر اینرنگیٹا کی منکوسو فیملی پر مرکوز ہے جو کیلبریا کے علاقے ویبو ویلنٹیا کو کنٹرول کرتی ہے۔ مقدمے میں منکوسو فیملی کے کئی ارکان کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

یہ گروپ ایک مافیا کے طور پر دھونس، دباؤ اور رشوت کے ذریعے مسلسل جرائم جاری رکھے ہوئے تھا، جن میں اعلیٰ عہدے دار اور سیاست دان بھی ان کے شریک کار تھے۔

ایک اندازے کے مطابق یہ مافیا گروپ اپنے مختلف کاروباروں کے ذریعے سالانہ 61 ارب ڈالر سے زیادہ کما رہا تھا۔

اس مقدمے کو اٹلی کی تاریخ میں 30 سال کے عرصے میں سب سے بڑا مقدمہ کہا جا رہا ہے۔ اسی نوعیت کا ایک مقدمہ ' میکسی ٹرائل' کے نام سے 1986 میں چلایا گیا تھا۔ یہ مقدمہ سسلی کے بدنام زمانہ مافیا گروپ کوسا نوسٹرا فیملی کے خلاف تھا، جس میں تین سو سے زیادہ افراد کو سزائیں دی گئی تھیں۔

ماہرین کا اندازہ ہے کہ عدالتی کارروائی مکمل ہونے میں کم ازکم ایک سال لگ سکتا ہے۔