کیلی فورنیا: شدید بارش اور برف باری، ٹریفک حادثات میں کئی افراد ہلاک

بحرالکاہل سےاٹھنے والا طوفانی بارش اور برف باری کا سلسلہ جمعرات کو کیلی فورنیا کے ساحل سے ٹکرایا، جس کے بعد حکام اور مکینوں کو مٹی کے تودے گرنے اور سیلابی ریلے سے بچنے کی مستعد کارروائی کرنی پڑی، جس صورت حال میں سفر مشکل ہو گیا۔

یہ صورت حال سان فرانسسکو بے ایریا سے سیئرا نواڈا کے پہاڑی علاقے، وسط ساحلی کاؤنٹیز اور پھر لوس انجلیس سے لے کر مشرق کے اندرونی خطے تک پھیلی ہوئی تھی۔

برفانی طوفان کے سلسلے نے سیئرا نواڈا کے اونچی سطح والے علاقے پر برف کی چادر بکھیر دی، جب کہ ساحلی علاقے میں تیز سمندری لہریں چلتی رہیں۔

اس موسم کے باعث اُن کمیونٹیوں کو زیادہ تشویش رہی جہاں کچھ ہی دن قبل جنگل کی آگ نے تباہی پھیلائی تھی۔

نومبر میں شمالی کیلی فورنیا کا قصبہ، پیراڈائز جنگل کی آگ کے نتیجے میں ملبے کا ڈھیر بن گیا تھا۔ یہاں سیلاب کا انتباہ جاری کیا گیا تھا۔

مالیبو کے علاقے سے لوگوں کا انخلا کیا گیا تھا، جہاں سرکاری اسکول بند تھے۔

اطلاعات کے مطابق، ایک ہفتے سے جاری شدید طوفانی موسم کے نتیجے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

تین افراد، جن میں ایک برس کی ایک بچی بھی شامل ہے، منگل کے روز ہونے والی تیز بارش کے دوران ایک کار حادثے میں ہلاک ہوئے، جس کی خبر روزنامہ ’سان فرانسسکو کرونیکل‘ نے شائع کی ہے۔

بدھ کے روز نارتھ کیلی فورنیا میں تیز طوفان کے باعث کئی درخت اکھڑ کر گر گئے، سڑکیں بند ہوگئیں اور بجلی کا نظام متاثر ہوا۔