وینا کو ہیرو کی تلاش، انوشکا خوبصورت ترین

’ہیلو ممبئی‘ بالی ووڈ کی فلموں اور فلمی لوگوں سے جڑی تارہ ترین خبریں
’ہیلو ممبئی‘۔ جی ہاں۔ ۔ممبئی۔ یعنی فلمی دنیا کی جادونگری۔ یہ وہ نگری ہے جہاں ہوتا ہے ہر دن ایک کمال۔ اور ہر رات ایک دھمال۔ یہاں کب، کون، کیسے، کیا اور کیوں کرجائے کچھ پتہ نہیں چلتا۔

وینا ملک اور پریانکا چوپڑا کو ہی لے لیجئے۔ وینا کو ایک نئے چہرے کی تلاش ہے تو پریانکا ایک گانے میں 100لوگوں کے ساتھ ڈانس کریں گی، جبکہ انوشکا شرما کو ایک بھارتی میگزین سے سب سے زیادہ خوب صورت اداکارہ قرار دیا ہے۔

وینا ملک کو نئے چہرے کی تلاش

وینا ملک نے ایک مرتبہ پھر ایک نئے چہرے کی تلاش شروع کردی ہے۔ نہیں بابا۔ نہیں۔ شادی کے لئے نہیں بلکہ اپنی نئی فلم ’دا سٹی دیٹ نیور سلیپس‘ کے لئے۔

پروموشن کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب میں وینا ملک کا کہنا تھا کہ انہیں فلم ’دا سٹی دیٹ نیور سلیپس‘ کے لئے ایک نئے چہرے کی تلاش ہے جو میرے مقابل ہیرو کا کردار ادا کرسکے۔

وینا ملک نے ہیرو کی تلاش کے لئے ایک مقابلے کا بھی اہتمام کیا ہے۔ اس مقابلے کے حوالے سے ان کا کہنا ہے وہ مقابلے سے خوش ہیں۔ اس کے ذریعے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔

وینا اپنی فلم ’دال میں کچھ کالا ہے‘ کو تو فلاپ ہونے سے نہیں بچا سکی تھیں، تاہم نئی فلم کے بارے میں وہ ابھی سے بہت پرامید ہیں۔ حالانکہ، ان کی دو فلمیں ’زندگی ففٹی ففٹی‘ اور ’ممبئی 125 کلومیٹر‘ تیار ہوجانے کے باوجود ریلیز کے انتظار میں ہیں۔

پریانکا 100لوگوں کے ساتھ ڈانس کریں گی

بالی وڈ بیوٹی پریانکا چوپڑا، امیتابھ بچن کی سپر ہٹ فلموں کے ری میکس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔ وہ بھی ایک کے بعد ایک۔ اب ایک بار پھر وہ تیار ہیں ایک اور ری میک کے لئے جو اپنے زمانے میں باکس آفس پر ’کھڑکی توڑ‘ ریکارڈ بنا چکی ہے۔ جی ہاں، ہم بات کر رہے ہیں بگ بی کو شہرت کے آسمان پر پہنچانے والی فلم ’زنجیر‘ کی جس کے ری میک کی شوٹنگ زور و شور سے جاری ہے اور فلم نے ابھی سے میڈیا کی توجہ کا مرکز بننا شروع کر دیا ہے۔

بھارتی خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کے مطابق پریانکا ’زنجیر‘ کے لئے خصوصی گانا پکچرائز کرائیں گی جس میں ان کی توانائی سے بھرپور پرفارمنس اور جلوے تو ہوں گے ہی، ان کا ساتھ دینے کے لئے 100 دوسرے لوگ بھی گانے کا حصہ ہوں گے جو موجودہ ٹرینڈز کے لحاظ سے واقعی ’ہٹ‘ کر ہے۔ گانا فلم کے آغاز سے شروع ہوجائے گا۔ اسے گنیش اچاریہ کوریو گراف اور میٹ برادرز کمپوز کریں گے۔ موج، مستی اور ہلے گلے سے بھرپور اس گانے کو یقیناً سب انجوائے کریں گے۔

فلم کے بارے میں ابھی زیادہ تفصیلات تو سامنے نہیں آئیں، لیکن اب تک کی اطلاعات کی بات کی جائے تو فلم کے ہیرو رام چرن تیجاپر بھی ایک خصوصی گانا پکچرائز کیا جائے گاجہاں ایک طرف تو رام چرن تیجا نبھائیں گے میگا اسٹار امیتابھ بچن کا ’زنجیر‘ والا ’اجے‘ کا رول تو وہیں پریانکا نظر آئیں گی مالا کے کردار میں جسے کیا تھا ’جیہ بچن‘ نے۔

انوشکا شرما ۔۔بالی ووڈ کی سب سے خوب صورت ہیروئن

مانیں یا نہ مانیں۔ سچ ہے انوشکا شرما بالی ووڈ فلم انڈسٹری کی سب سے خوبصورت ہیروئن قرار پائی ہیں۔ بھارت کی ایک مشہور میگزین ’فیمینا‘ نے انوشکا شرما کو سب سے خوبصورت اداکارہ کے اعزاز کے لئے منتخب کیا ہے۔ میگزین نے اپنے قارئین کے درمیان ایک سروے کرایا تھا، جس میں سب سے زیادہ ووٹ ملے انوشکا کو۔ اور اس طرح وہ قرار پائیں سب سے خوبصورت ہیروئن۔

سری دیوی اور شرمیلا ٹیگور، راجیش کھنہ اور ناناپاٹیکر کے لئے پدم بھوشن ایوارڈ

چلتے چلتے پرانے فنکاروں سے متعلق بھی ایک خبر سنتے جایئے۔ بھارتی حکومت نے آنجہانی راجیش کھنہ، شرمیلا ٹیگور، سری دیوی اور نانا پاٹیکر کے لیے پدم بھوشن ایوارڈ دینے کااعلان کیا گیا ہے۔ ہر سال 26جنوری کو بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر بہترین خدمات کے اعتراف کے طور پر مختلف فنکاروں کو یہ ایوارڈ دیا جاتا ہے۔