پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کی پیر کی شام لاہور کے ایک اسپتال میں کامیاب اینجوپلاسٹی کی گئی ہے۔ انہیں دل کی تکلیف کے باعث اسپتال لایا گیا تھا۔
انضمام الحق کی طبیعت بہتر بتائی جاتی ہے لیکن ڈاکٹروں نے انہیں اپنی نگرانی میں رکھا ہے۔
پاکستان کے مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق سابق کرکٹر کو گزشتہ تین روز سے سینے میں درد کی شکایت تھی اور ان کے ابتدائی ٹیسٹ درست تھے۔ پیر کو ان کے دل کی دھڑکن متاثر ہونے کا انکشاف ہوا جس کی وجہ سے فوری طور پر ڈاکٹروں نے انضمام کی سرجری کی۔
پاکستان کے لیجنڈ کرکٹر کی ناساز طبیعت پر ان کے ساتھی کرکٹرز اور پاکستان ٹیم کے موجودہ کھلاڑی بھی فکر مند ہیں۔
سابق کرکٹر وسیم اکرم نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ "لگتا ہے انضی کے دل کو نظر لگ گئی ہے، اتنے پیارے دل والے شخص کے دل میں تکلیف پر وہ بہت فکر مند ہیں۔"
وسیم اکرم نے انضمام کی فوری صحت یابی کے لیے دعا کی اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ اپنا خیال رکھیں۔
پیارے انضی ۔۔۔ تمہارا دل۔۔ اتنا پیارا دل۔۔ اسکو لگتا ھے نظر لگ گئی ۔۔ بہت فکر ہوئی کہ اتنے پیارے دل والے کو تکلیف ہوئی ، دعا ہے کہ تم ٹھیک ھو کر جلد اپنے پیارے دل سے ہم سب کو اسی طرح خوش کرو گے جیسا تم ھمیشہ کرتے ھو۔ پیارے دوست اپنا خوب خیال رکھو ۔ جلد ملتے ہیں !
— Wasim Akram (@wasimakramlive) September 28, 2021
واضح رہے کہ انضمام الحق 1992 کے ورلڈ کپ کی فاتح پاکستان کرکٹ ٹیم کا حصہ تھے اور ان کا شمار پاکستان کے کامیاب ترین کپتانوں میں ہوتا ہے۔
پاکستان کی جانب سے ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بھی انضمام کو حاصل ہے۔ انہوں نے 375 ون ڈے میچز میں 11 ہزار 701 رنز بنائے ہیں جب کہ 119 ٹیسٹ میچز میں انہوں نے 8829 رنز بنا رکھے ہیں۔
انضمام نے 2007 میں انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کیا جس کے بعد وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ کئی اہم پوزیشن پر رہے۔
انضمام نے پاکستان ٹیم کے ساتھ بطور بیٹنگ کنسلٹنٹ خدمات انجام دیں جس کے بعد وہ 2016 سے 2019 تک چیف سلیکٹر بھی رہے۔
انضمام الحق افغان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔
سابق و موجودہ کرکٹرز کی جانب سے انضمام الحق کی ناساز طبیعت پر ان کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔
پاکستان ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کہتے ہیں انضمام الحق مزاحمت کرنے والی شخصیت کے مالک ہیں ان کے لیے نیک تمنائیں ہیں کہ وہ جلد صحت یاب ہوں۔
- Get Well Soon Inzi Bhai, you are a fighter, wishing you a speedy recovery & healthy life ahead! #StayBlessed
— Shoaib Malik 🇵🇰 (@realshoaibmalik) September 27, 2021
پاکستان ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے کہا ہے کہ انضمام الحق کی جلد صحت یابی کے لیے بہت سی دعائیں۔ اللہ تعالی انہیں جلد صحت یاب فرمائے۔
Prayers for the quick recovery of our legend and pride of Pakistan Syed Inzamam ul Haq. May Allah SWT give you complete shifa. @Inzamam08 #InzamamUlHaq
— Mohammad Rizwan (@iMRizwanPak) September 28, 2021
سابق کرکٹر راشد لطیف کہتے ہیں کہ شدید تکلیف کے باعث انضمام الحق کی دل کی شریان میں اسٹنٹس ڈالے گئے ہیں۔ ان کی صحت یابی کے لیے دعا کریں۔
انضمالحق کے شدید تکلیف تھی اس وجہ سے اسٹنٹس ڈالے ہیں، اللہ تعالی سے دعا ہے کہ انضی جلد از جلد صحت یاب ہو جائیں اور آپ سب سے بھی یہ ہی گزارش کہ انکی صحتیابی کے لیئے دعا کریں آمین۔ @Inzamam08 #inzamamulhaq
— Rashid Latif 🇵🇰 (@iRashidLatif68) September 28, 2021
فاسٹ بالر محمد عرفان نے کہا ہے کہ انضمام الحق کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائیں۔
Praying for the health of the great @Inzamam08. Get well soon, sir. #InzamamUlHaq
— Mohammad Irfan (@M_IrfanOfficial) September 28, 2021