شارجہ ٹیسٹ: پاکستان نے 291 رنز پر چھ آؤٹ

فائل فوٹو

پاکستان کے ابتدائی بلے باز احمد شہزاد نے 147 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جب کہ باقی بلے باز کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے
شارجہ میں کھیلے جارہے تیسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے سری لنکا کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز بنائے۔

پاکستان کے ابتدائی بلے باز احمد شہزاد نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 147 رنز بنائے، انھیں ہیراتھ نے بولڈ کیا۔

آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑیوں میں خرم منظور نے 52، اظہر علی نے 8, یونس خان نے 17، اسد شفیق 36 اور سرفراز احمد پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان مصباح الحق 36 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

دوسرے دن سری لنکا نے پاکستان کے خلاف اپنی پہلی اننگز 428 رنز نو کھلاڑی آؤٹ پر ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

سری لنکا کے کپتان میتھیوز 91 اور پریرا 95 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی طرف سے جنید خان اور محمد طلحہ نے تین، تین جب کہ سعید اجمل نے دو اور عبدالرحمن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 19 رنز اسکور کیے تھے۔

جمعرات کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں سری لنکا کو ایک، صفر سے برتری حاصل ہے۔ سیریز کا پہلا میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوا تھا۔