روسی اسلحہ ڈپو میں آتش زدگی، 30 افراد زخمی

(فائل فوٹو)

روس میں ایک اسلحہ ڈپو میں آگ بھڑک اٹھنے سے گولہ بارود میں دھماکے ہونا شروع ہو گئے ہیں اور ان سے اب تک کم از کم 30 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ حکام نے اس تنصیب کے نزدیک رہنے والے تقریباً 28 ہزار افراد کو علاقہ خالی کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

جمعہ کے روز حکام کا کہنا ہے کہ ماسکو سے تقریباً 900 کلومیٹر مشرق میں واقع جمہوریہ اُدمُرشیا میں اس ڈپو میں رکھے گئے اسلحہ میں دھماکے مزید ایک روز تک جاری رہ سکتے ہیں۔

جائے حادثہ پر یکے بعد دیگرے دھماکوں سے آگ کے گولے اور دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ان دھماکوں سے 10 کلومیٹر دور تک عمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

زخمیوں میں سے نو افراد کو ہسپتال داخل کرادیا گیا ہے جب کہ حکام نے قریبی قصبوں سے لوگوں کو بسوں کے ذریعے تقریباً 60 کلومیٹر دو منتقل کرنا شروع کردیا ہے۔

روسی ٹی وی نے خبر دی ہے کہ یہاں پر وہ پرانا اسلحہ رکھا گیا تھا جومزید استعمال میں نہیں آنا تھا۔

آگ لگنے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔