جاپان: امریکی فوجی اڈے کی بندش سے قبل ہزاروں فوجیوں کے انخلا کا امکان

جاپان: امریکی فوجی اڈے کی بندش سے قبل ہزاروں فوجیوں کے انخلا کا امکان

جاپان اور امریکہ کے عہدے داروں نے کہاہے کہ جزیرے اوکی ناوا میں متنازع امریکی فوجی مرکز کی بندش سے قبل وہاں سے ہزاروں امریکی میرین فوجیوں کو نکالا جاسکتا ہے۔

اس معاہدے کا اعلان منگل کے روز واشنگٹن میں امریکی اور جاپانی عہدے داروں کے درمیان مذاکرات کے بعد کیا گیا۔

امریکہ اب اوکی ناوا سے نکالے جانے والے اپنے فوجیوں کو ایک اور امریکی علاقے گوام بھیج سکتا ہے۔ لیکن اوکی ناوا میں موجودایک اور امریکی فضائی مرکز فوتنما کی بندش سے متعلق حتمی فیصلہ ابھی تک صیغہ راز میں ہے۔

مشترکہ بیان میں کہا گیاہے کہ دونوں ممالک اس عہد پر قائم ہیں کہ فوتنما کی فوجی تنصیب بند کرکے اسے اوکی ناوا میں ہی ایک اور مقام کیمپ شواب منتقل کردیا جائے گا۔

دونوں ملکوں کے درمیان 2006ء میں طے پانے والے ایک سمجھوتے کے تحت آٹھ ہزار میرین فوجیوں کو گوام بھیج دیا جائے گا اور فوجی مرکز دوسری جگہ منتقل کردیا جائے گا۔

فوجی مرکز فوتنما ، جزیرے اوکی ناوا کے ایک گنجان آباد علاقے میں واقع ہے اور مقامی انفراسٹرکچر پر اس دباؤ کے باعث مقامی آبادی اس تنصیب کو ناپسندیدگی کی نظر سے دیکھتی ہے۔

امریکہ کے 47000 فوجی جاپان میں تعینات ہیں ، جن کی اکثریت اوکی ناوا میں ہے۔ جزیرے کے اکثر رہائشی امریکی فوجی اڈوں کے مخالف ہیں اور ان کا کہناہے کہ یہ مراکز آلودگی، شور اور جرائم کا سبب بن رہے ہیں۔