رسائی کے لنکس

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے میچ میں انگلینڈ کو شکست


آسٹریلیا نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 398 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں انگلش ٹیم 146 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
آسٹریلیا نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 398 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں انگلش ٹیم 146 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

آسٹریلیا نے انگلینڈ کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے میچ میں 251 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی ہے۔

انگلینڈ کے ایجبسٹن کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے پانچویں اور آخری روز مہمان ٹیم کے 398 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم 146 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

انگلینڈ کا کوئی بلے باز ہدف کے تعاقب میں زیادہ بڑی اننگز نہ کھیل سکا۔ کرس ووکس 37، کپتان جوئے روٹ اور جیسن رائے 28، 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ پانچ بلے باز ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے۔

آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لیون نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ پیٹ کمنس نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 284 اور دوسری اننگز 487 رنز سات کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی تھی جب کہ میزبان انگلش ٹیم پہلی اننگز میں 374 اور دوسری اننگز میں صرف 146 رنز ہی بناسکی۔

انگلینڈ کا کوئی بلے باز ہدف کے تعاقب میں زیادہ بڑی اننگز نہ کھیل سکا۔
انگلینڈ کا کوئی بلے باز ہدف کے تعاقب میں زیادہ بڑی اننگز نہ کھیل سکا۔

یاد رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے ٹیسٹ کرکٹ کی اہمیت کو برقرار رکھنے کے لیے رواں سال سے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا اعلان کیا تھا۔

آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی پہلی سیریز ہے۔ آئی سی سی رینکنگ کی ٹاپ نو ٹیمیں اس ٹیسٹ چیمپئن شپ میں حصہ لے رہی ہیں اور دو سال کے دوران ہر ٹیم چھ چھ سیریز کھیلے گی۔

اس طرح آئی سی سی کی رینکنگ میں ابتدائی دو ٹیموں کے درمیان جون 2021 کو انگلینڈ میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG