رسائی کے لنکس

کم کارڈیشین ذہنی مسائل سے دوچار شوہر کے لیے ہمدردی کی خواہاں


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

امریکی صدارتی انتخابات لڑنے کا اعلان کر کے لوگوں کو حیران کرنے والے گلوکار اور ریپر کانیے ویسٹ کی اہلیہ اور رئیلٹی ٹی وی شو اسٹار کم کرڈیشین نے کہا ہے کہ کانیے ویسٹ ڈپریشن اور ذہنی مسائل کا شکار ہیں۔

گزشتہ ہفتے ارب پتی کانیے ویسٹ اس وقت خبروں میں آئے جب اُنہوں نے ٹوئٹر پر یہ انکشاف کیا کہ اُنہوں نے اپنی اہلیہ کو طلاق دینے سے متعلق سوچا تھا۔ ویسٹ نے رواں سال امریکہ کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا بھی حیران کن اعلان کیا تھا۔

بعدازاں کانیے ویسٹ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے یہ ٹوئٹس ڈیلیٹ کر دی گئی تھیں۔

اس معاملے کی وضاحت کرتے ہوئے کرڈیشین نے اپنی انسٹا گرام فیڈ میں کہا کہ اب وہ یہ بتانے پر مجبور ہیں کہ ویسٹ ذہنی امراض سے دوچار ہیں۔ ماضی میں وہ اپنے خاندان کے بہتر مفاد اور ویسٹ کی صحت کے معاملات کو نجی رکھنے کی غرض سے خاموش تھیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ جن کے پیارے بائی پولر جیسی ذہنی بیماری کا شکار ہیں، وہ بخوبی سمجھ سکتے ہیں کہ یہ کتنی پیچیدہ بیماری ہے۔

کم کا کہنا تھا کہ اُن کے شوہر نے حال ہی میں اپنی والدہ کو کھویا ہے جب کہ ایک سیاہ فام ہونے کے ناطے اُنہیں بھی کئی طرح کی مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ لہذٰا لوگوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ بعض اوقات اُن کے الفاظ اُن کے جذبات کی عکاسی نہیں کرتے۔

کم کارڈیشین نے اپنی پوسٹ میں کانیے ویسٹ کو جہاں ایک جانب سمجھ میں نہ آنے والا شخص قرار دیا وہیں انہیں بہترین اور پیار کرنے والا انسان بھی کہا۔

کم کارڈیشین نے اعتراف کیا کہ کانئے ویسٹ کے صحت سے متعلق مسائل کی وجہ سے ان کی گھریلو زندگی بھی مسائل سے دوچار رہی۔

تاہم کم کارڈیشین نے شوہر کی جانب سے طلاق کے حوالے سے دیے گئے بیان پر بات نہیں کی۔

کم اور کانیے ویسٹ کی شادی 2014 میں ہوئی تھی اور ان کے چار بچے ہیں۔

کانیے ویسٹ نے حال ہی میں نہ صرف رواں سال ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا بلکہ اپنی صدارتی مہم بھی شروع کردی تھی۔

XS
SM
MD
LG