رسائی کے لنکس

logo-print

ہالی وڈ اداکارہ لنزے لوہن کی فلمی دنیا میں واپسی


(فائل فوٹو)

ہالی وڈ اداکارہ لنزے لوہن ایک مرتبہ پھر فلم نگری میں واپس آرہی ہیں۔ اس بات کا اعلان انہوں نے منگل کو سوشل میڈیا پر کیا۔

لنزے لوہن کا فلمی کیریئر تقریبا 10 سال پہلے اس وقت زوال پذیر ہوا جب انہیں منشیات استعمال کرنے کے جرم میں قانونی مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

وہ ان پریشانیوں کے باعث فلمی دنیا سے دور چلی گئی تھیں تاہم اس بار وہ ایک ایک نئے گانے کے ساتھ واپس آرہی ہیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق لنزے لوہن نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ کے ذریعے اپنے کیرئیر میں آنے والے اتار چڑھاؤ کے کچھ ویڈیو کلپس بھی شیئر کیے ہیں۔

انہوں نے اپنے پرستاروں کے لیے ایک میوزیکل اسٹیریمنگ پلیٹ فارم کا لنک بھی شیئر کیا ہے تاہم انہوں نے اپنے گانے کے عنوان، اس کی ریلیز کی تاریخ یا دیگر تفصیلات نہیں بتائیں۔

ان کی فلمی دنیا میں واپسی کا اعلان ٹوئٹر پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔ لیکن زیادہ تر صارفین نے ان کی واپسی پر ملا جلا رد عمل ظاہر کیا ہے۔

سوشل میڈیا کی ایک صارف کیلی رانی نے ٹوئٹ کیا کہ افسوس ان کی واپسی ایک ایسے وقت پر ہورہی ہے جب دنیا بھر میں پھیلی کرونا وائرس کی وبا نے انسانی زندگی کو مفلوج کر رکھا ہے۔

ایک اور ٹوئٹر صارف نے لنزے لوہن کی واپسی پر حیرت کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ کہیں لوہان اپریل فول تو نہیں منا رہیں۔

لنزے لوہن اپنے دور میں ہالی وڈ فلموں میں سب سے زیادہ ڈیمانڈ کی جانے والی اداکارہ تھیں۔ لیکن 2007 سے 2013 کے درمیان انہیں چھ مرتبہ منشیات اپنے پاس رکھنے اور انہیں استعمال کرنے کے جرم میں جیل جانا پڑا۔

انہیں شراب پی کر گاڑی چلانے پر بھی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑا۔ وہ اس ضمن میں بحالی کے مراکز میں بھی زیرِ علاج رہیں۔ بعد میں وہ لندن، دبئی اور یونان میں بھی مقیم رہیں اور یوں ان کا فلمی کیریئر بتدریج ختم ہوتا چلا گیا۔

اس دوران 2008 میں ان کی ایک ڈانس پرفارمنس بھی منظر عام پر آئی جب کہ ایم ٹی وی کے رییلٹی شو لوہن بیچ کلب میں بھی انہیں دیکھا گیا۔ 2018 میں برطانوی ٹیلی ویژن پر ان کی ایک مزاحیہ سیریز بھی نشر ہو چکی ہے۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG